امریکا پرواضح کردیا کہ بھارت کے بڑھتے دفاعی بجٹ پرپاکستان کو تحفظات ہیں، سیکریٹری دفاع

جمعرات 23 جنوری 2014 16:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے بڑھتے ہوئے دفاعی بجٹ پر شدید تشویش ہے جس کا اظہار امریکا سے بھی کردیا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران سیکریٹری دفاع آصف یاسین نے مختلف امور پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکی حکام سے ملاقات کے دوران 2014 میں نیٹو افواج کی واپسی کے بعد کی صورتحال پر بات کی، جس میں انہوں نے یہ واضح کردیا کہ افغانستان میں دو طرفہ سیکیورٹی معاہدہ نہ ہونا امریکا کے لیےخطرناک بات ہو گی، امریکی فوجی افغانستان میں حکومت کے ساتھ معاہدے کے بغیر نہیں رہ سکتے، اس کے علاوہ امریکا پر واضح کردیا گیا ہے کہ افغانستان میں عدم استحکام سے پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ افغانستان میں اگرصورتحال خراب ہوئی تو مزید افغان مہاجرین پاکستان آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ امریکی حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران قبائلی علاقوں میں کئے جانے والے ڈرون پر بھی تفصیلی بات ہوئی،اس کے علاوہ امریکا کو بھارتی دفاعی بجٹ میں اضافے پر تحفظات سے بھی آگاہ کیا گیا کیونکہ پاکستان کو بھارت کے بڑھتے ہوئے دفاعی بجٹ پر شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے امریکا سے پوچھا کہ کیا بھارت چین پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اگرنہیں تو پھروہ اپنے دفاعی بجٹ میں مسلسل اضافہ کیوں کررہاہے، یقینی طورپر اس کے عزائم دوسرے ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :