پانی چوری کی روک تھام اور آبیانہ کی وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مربوط بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا ‘ ملک حسن اقبال

جمعرات 23 جنوری 2014 16:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) سیکرٹری آبپاشی پنجاب و مینجنگڈائریکٹر پیڈا ملک حسن اقبال نے کہاہے کہ پانی چوری کی روک تھام اور آبیانہ کی وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے مربوط بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ نظام آبپاشی سے صوبہ بھر کے کسانوں کو یکساں طور پر مستفید کیا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے بطور مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل مینجرز کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر جنرل مینجر (ٹی ایم) پیڈا افضل انجم طور کی جانب سے انہیں پیڈا کی سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں جنرل مینجر (آپریشن) محبت خان اور جنرل مینجر (فنانس) سلیم ملک نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم ڈی پیڈا کو بتایا گیا کہ نظام آبپاشی میں ادارہ جاتی اصلاحات پروگرام کے تحت پانچ کینال کمانڈز پر ایریا واٹر بورڈز قائم کر کے کسان تنظیموں کو نہری انتظام و انصرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔

یہ کسان تنظیمیں قواعد و ضوابط کی روشنی میں ٹیلوں تک نہری پانی کی ترسیل ، آبیانہ کی وصولی اور تعمیر و مرمت کے کاموں کے علاوہ بھل صفائی میں بھی اپنا عملی کردار ادا کر رہی ہیں۔ جنرل مینجر پیڈا نے مزید بتایا کہ کسان تنظیموں کو نہری انتظامیہ میں شامل کرنے سے قبل ریوینیو، ٹیکنیکل اور انتظامی پہلووٴں پر عملی تربیت دی جا تی ہے تا کہ وہ بہتر انداز میں کسانوں برادری کی خدمت کر سکیں ۔

انہوں نے بتایا کہ کسان تنظیموں کی تشکیل بذریعہ الیکشن شفاف طریقے سے عمل میں لائی جاتی ہے۔ ایم ڈی پیڈا نے اس امر کا اظہار کیا کہ نظام آبپاشی کے اصل مستفیدگان کسان ہیں لہذا اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مساویانہ بنیادوں پر نہری پانی کی منصفانہ تقسیم ہو سکے اور آبیانہ کی وصولی کا نظام کسان تنظیموں کی مدد سے بہتر بنایا جائے تا کہ نہروں کی تعمیر و مرمت کے لئے مناسب فنڈز دستیاب ہو سکیں ۔ انہوں نے پیڈا کے افسران کو ہدایت کی کہ سانجھے نہری نظام کی بہتری کے لئے اپنی سفارشات پیش کریں تا کہ موزوں حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :