ثانیہ مرزا کی جوڑی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اعصام الحق کی جوڑی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

جمعرات 23 جنوری 2014 14:33

میلبورن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء)سڈنی اوپن کے مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں ثانیہ مرزا کی جوڑی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اعصام الحق کی جوڑی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پاک بھارت روائتی ٹاکرہ دیکھنے میں آیا، جہاں پاکستانی اسٹار اعصام الحق قریشی نے اپنی جرمن پارٹنر جولیا جورجز کے ہمراہ سڈنی اوپن کے مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کے رومینئن پارٹنر حوریا ٹیکاوٴ کے ساتھ مدمقابل تھی۔

(جاری ہے)

میچ میں اعصام الحق کی پارٹنر جولیا جورجز ابتداء ہی سے اچھا کھیل پیش نہ کر سکیں جب کہ دوسری جانب ثانیہ اور ان کے پارٹنر نے شروعات سے ہی میچ میں مضبوط گرفت رکھی۔ بھارت اور رومانیہ کی جوڑی نے پہلا سیٹ 6-3 اور دوسرا سیٹ 6-4 سے جیت کر نہ صرف کامیابی حاصل کی بلکہ سیمی فائنل کے لئے بھی راہ ہموار کر لی ہے۔گزشتہ سال بھی فرنچ اوپن میں اعصام الحق اور ثانیہ مرزا ایک دوسرے کے حریف بن کرکورٹ میں اترچکے ہیں۔ اعصام اور ان کی ٹینس پارٹنر زمبابوے کی کارا بلیک نے یہ مقابلہ 6-2 اور 6-3 سے جیتا تھا۔