سرکاری افسران قانون ، قاعدہ کی عملداری سے ہی ریاست کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کرسکتے ہیں‘چوہدری منیر حسین

جمعرات 23 جنوری 2014 13:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) آزاد جموں وکشمیر حکومت کے سیکرٹری سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری منیر حسین نے کہا ہے کہ سرکاری افسران قانون ، قاعدہ کی عملداری سے ہی ریاست کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کرسکتے ہیں ۔ اس کیلئے سچی لگن اورجذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا ۔ ریٹائرڈ ہونے والے سیکرٹریزحکومت ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جنہوں نے پوری سروس انتہائی محنت ، جانفشانی اور عام آدمی کا معیارزندگی بلند کرنے کیلئے گرانقدراقدامات کیئے ہیں ۔

ان کی اچھی باتوں اور قواعدپر عملداری کونمونہ کے طور پر اپنانا ہوگا ۔ انہوں نے ریٹائرڈ ہونے والے سیکرٹری عبدالسمیع خان اور راجہ محمد نواز خان کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جن دیگر مقررین نے خطاب کیا ان میں ظفر نبی بٹ ڈائریکٹر جنرل منصوبہ بندی وترقیات ،خواجہ محمد احسن سینئر ایڈیشنل سیکرٹری سروسز جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد سلیم گردیزی ڈپٹی سیکرٹری صنعت و حرفت نے ادا کئے ۔

مقررین نے بھی ریٹائرڈ ہونے والے سیکرٹریز حکومت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ساری سرکاری ملازمت کے دوران دیانتداری اور محنت سے کام کیاجو ہمارے لیئے ایک مثال ہے ۔ اس موقع پر ریٹائرڈ ہونے والے سیکرٹریزحکومت عبدالسمیع خان اور راجہ محمد نواز خان نے بھی خطاب کیا اور شرکائے تقریب کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اگرسرکاری ملازم قانون اور قاعدہ پر عمل کرتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں تو ان کیلئے کوئی مشکل اور رکاوٹ پیدا نہیں ہوسکتی۔ تقریب کے آخر میں سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری منیر حسین نے ریٹائرڈ ہونے والے سیکرٹریز عبدالسمیع خان اور راجہ محمد نواز خان کو تحفے بھی دیئے ۔