سانحہ مستونگ، لواحقین کا میتوں سمیت دوسرے روز بھی دھرنا، ملک بھر میں مظاہرے

جمعرات 23 جنوری 2014 11:35

سانحہ مستونگ، لواحقین کا میتوں سمیت دوسرے روز بھی دھرنا، ملک بھر میں ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2014ء) سانحہ مستونگ کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور مجلس وحدت المسلمین کا شدید سردی کے باوجود میتوں سمیت دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق سانحہ مستونگ کے خلاف ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی اور مجلس وحدت المسلمین کا میتوں کے ہمراہ شدید سردی میں دوسرے روز بھی دھرنا جاری ہے جبکہ کراچی ، لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔

کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کا نمائش چورندگی ایم اے جناح روڈ پر سانحہ مستونگ کے خلاف دھرنا دیا جا رہا ہے، شفیق موڑ اور شارع فیصل کالونی گیٹ کے قریب مظاہرین نے 2 گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی جبکہ دفاتر، فیکٹریوں اور اسکول جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے, مظاہروں کی وجہ سے کراچی سے لاہور، ملتان اور تربت جانے والی پروازیں مسافروں کے ایئرپورٹ نہ پہنچنے کے باعث روک لی گئیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں بھی مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے فیض آباد پر دھرنے کے باعث اسلام آباد کے داخلی راستوں پر شدید ٹریفک جام ہے جبکہ مری روڈ پر بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں، مظاہرین کا کہنا ہے کہ دھرنا دوپہر تک جاری رہے گا اگر حکومت نے زائرین کی سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی موثر حکمت عملی واضح نہ کی تو پھرمستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ لاہور میں بھی گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک نے کوئٹہ میں سانحہ مستونگ یں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے کوئٹ میں دھرنا ختم کرنے کے لئے مذاکرات بھی کئے جو بے نتیجہ ختم ہو ئے۔

متعلقہ عنوان :