کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کم ہوئی ، شہر میں کوئی نو گوایریا نہیں ، محمد جعفر،بلوچستان میں قومیت اور فرقہ وارنہ دہشتگردی ہو رہی ہے ،ایس ایس پی کوئٹہ

بدھ 22 جنوری 2014 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) ایس ایس پی کوئٹہ محمد جعفر نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کم ہوگئی ہے اب کوئی نو گوایریا نہیں پولیس اب پورے شہر میں گشت کر رہی ہے ، کوئٹہ شہر سو کے قریب ایف سی ناکے ختم کر دئیے گئے ہیں ، شہریوں کی مدد کیلئے 15سروس شروع کی گئی ہے، کوئٹہ سے جانے والے آباد کار واپس آرہے ہیں۔ بد ھ کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی کوئٹہ محمد جعفر نے کہا کہ بلوچستان میں قومیت اور فرقہ وارنہ دہشتگردی ہو رہی ہے ۔

کوئٹہ شہر م یں بلوچ، پشتون ، ہزارہ اور آباد کاروں کی بڑی آبادیاں ہیں گذشتہ چھ ماہ میں کوئٹہ میں ایف سی اور پولیس کی مشترکہ حکمت عملی سے شہر کے تمام نو گو ایریاز کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اب شہر کے تمام علاقوں میں پولیس جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایف سی کے 100کے لگ بھگ ناکے ختم کر دئیے گئے ہیں اب ایف سی ضرورت پڑنے پر موبائل پکٹس لگاتی ہے ۔ کوئٹہ میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے کے بعد دوسروں صوبوں کو جانے والے آباد کار واپس آرہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ شہر میں صرف اب ہزارہ ٹاؤن کے علاقے میں ایف سی کی پکٹس موجود ہیں جو ہزارہ برادری کی درخواست پر برقرار رکھی جار ہی ہیں انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ پولیس نے پہلی بار شہر میں 15سروس کا اجراء کیا ہے جو شہریوں کو کسی بھی حادثہ کی صورت میں مدد فراہم کرتی ہے اس مقصد کیلئے ابتدائی طور پر 21 موبائل گاڑیاں مختص کی گئیں ہیں اور مزید گاڑیوں کی فراہمی کیلئے درخواست حکومت کو کی گئی ہے۔