جاپانی سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا میں ہرطرح کا تحفظ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی ،پرویزخٹک،پشاور میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ،جلد ازجلد شروع کرکے آئندہ ایک سال کے اندر مکمل کرنا چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ،پن بجلی ، سیاحت ، تیل و گیس اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع ہیں ،وزیراعلی خیبرپختونخواکی جاپانی سفیر سے گفتگو

بدھ 22 جنوری 2014 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے جاپان کی تیز رفتار ترقی کو پوری دنیا کیلئے قابل تقلید مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت بھی صوبے کو جاپان کے طرز پر ترقی دینے کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات بھی کر رہی ہے اُنہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ جاپانی سرمایہ کاروں کو یہاں نہ صرف ہرطرح تحفظ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی بلکہ صوبے کے عوام اُنہیں عزت بھی دیں گے وہ پاکستان میں متعین جاپانی سفیر ہیروشی انوماتا سے باتیں کر رہے تھے جس نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اُن سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اُنہوں نے صوبے میں کرپشن کے خاتمے اور بہترمالی و انتظامی نظم و نسق کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ جاپان کی حکومت اور سرمایہ کاریہاں صنعت و تجارت میں حد درجہ دلچسپی لے رہے ہیں اور اُن کا دورہ بھی اس سلسلے کی کڑی ہے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سرمایہ کاری رفاقت الله بابر ، فروغ سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین محسن عزیز اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اشفاق خان بھی اس موقع پر موجود تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے یہاں پن بجلی ، سیاحت ، تیل و گیس اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع ہیں صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ یہاں پر آبی وسائل سے زیادہ سے زیادہ مقدار میں بجلی پیدا کی جائے اور اسے سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کیا جائے تاکہ یہاں صنعتوں کو فروغ دے کر مقامی پیداوار بڑھانے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکیں اسی طرح پشاور میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کا قیام بھی اُن کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جسے ہم جلد ازجلد شروع کرکے آئندہ ایک سال کے اندر مکمل بھی کرنا چاہتے ہیں وزیر اعلیٰ نے نشاندہی کی کہ صوبائی دارالحکومت میں پرانا ریلوے ٹریک پہلے ہی سے موجود ہے جسے دورویہ کرکے اور اس میں جدت لا ئی جا سکتی ہے تاکہ شہریوں کوشہر کے ایک کونے سے دوسرے تک آمدورفت کی تیز تر اور آرم دہ سہولت میسر ہو اور شہر میں ٹریفک کے گھمبیر مسائل بھی حل ہو سکیں اُنہوں نے واضح کیا کہ ہم غیر ملکی اداروں سے ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہتے ہیں، صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کار ی کو فروغ دینا چاہتے ہیں اوراسی سطح پر غیر ملکی اداروں سے بات کرنا چاہتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم امداد کی بھیک مانگنے، خالی خولی باتوں اور کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ہم باقاعدہ قوانین سازی کے ذریعے صوبے میں ایک ایسا نظام نافذکر رہے ہیں جس کے ذریعے یہاں پر کرپشن ، بدعنوانی ، اقرباء پروری اور بد انتظامی کا خاتمہ ہو گا اور غیر ملکی اداروں کا اعتماد بھی قائم ہو گا اُنہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت صوبے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ اُنہیں ون ونڈو آپر یشن کے تحت تمام تر درکار سہولیات ، معلومات اور رہنمائی بھی فراہم کرے گی پرویز خٹک نے کہا کہ افغان مسئلے کی وجہ سے جہاں ہمارے ملک اور خصوصاً صوبے میں مختلف شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں وہاں ہماری 80 فیصد صنعتیں بند ہو گئی ہیں اور رہی سہی صنعتیں زبوں حالی کا شکار ہیں موجودہ صوبائی حکومت کئی عرصے سے بند پڑی ان صنعتوں کو دوبارہ بحال کرنے پر کام کر رہی ہے اور اسلئے ہم اپنے جاپانی دوستوں کو صوبے کی صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے پرسکون علاقوں مثلا سوات اور ہزارہ ڈویژن میں نہ صرف سیاحت بلکہ بے پناہ آبی وسائل بھی موجود ہیں جن سے غیر ملکی سرمایہ کاراستفادہ کر سکتے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں پیدا ہونے والی پن بجلی اورگیس کو پہلے کی طرح وفاقی حکومت کو نہیں دیا جائے گا بلکہ صوبائی حکومت اسے صوبے کی تعمیر وترقی کیلئے خود استعمال میں لائے گی اُنہوں نے کہاکہ دُنیا میں ہمارے صوبے کی غلط تصویر پیش کی جارہی ہے یہاں پر حالات اتنے خراب نہیں جتنے بتائے جارہے ہیں جاپانی سفیر کی خواہش پر وزیر اعلیٰ نے مقامی صنعت کاروں اور صوبائی حکومت کے انتظامی سیکرٹریوں کی جاپانی سفیر کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے شعبوں کی نشاندہی ہو سکے اور اس سلسلے میں جلد ی پیش رفت ہو سکے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین محسن عزیز نے کہا کہ ہمارے مقامی صنعتکار صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ اشتراک عمل چاہتے ہیں اور صوبائی حکومت اس کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرتی ہے وزیر اعلیٰ اور جاپانی سفیر میں تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔