Live Updates

حکومت شاہ زین بگٹی کے قافلے کا راستہ کھولے، واپسی میں غیر ضروری رکاوٹوں سے اجتناب برتا جائے،عمران خان ،بگٹی قبیلے کے افراد کیساتھ روا رکھے جانیوالا سلوک کو غیر انسانی اور ناقابل قبول ہے، چیئرمین تحریک انصاف

بدھ 22 جنوری 2014 20:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ڈیرہ بگٹی جانے والے شاہ زین بگٹی اور ان کے قبیلے کے افراد کی حالت زار پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے حکومت سے بگٹی قافلے کا رستہ کھولنے اور ڈیرہ بگٹی میں ان کی واپسی میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کرنے سے اجتناب برتنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمور میں روکے جانے والے بگٹی قبیلے کے افراد پر مشتمل قافلے میں عورتیں، بچے اور بوڑھے افراد بھی شامل ہیں جنہیں انتہائی سرد موسم میں کھلے آسمان تلے قیام پر مجبور کیا جارہا ہے ۔ بگٹی قبیلے کے افراد کیساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو غیر انسانی اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانیت کے ناطے شاہ زین اور ان کے قبیلے کے افراد کی ڈیرہ بگٹی واپسی میں معاونت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے وقت میں جب بلوچ بھائیوں سے دوریاں اور اختلافات ختم کر نے کی غرض سے ان سے روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے گھروں کو واپس لوٹتے قافلے کے ساتھ اس طرح کا ظالمانہ رویہ ہمارے دشمنوں کے جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے کو تقویت بخشنے کا سبب بنے گا۔ اپنے بیان میں حکومت پر بگٹی کاروان کی علاقے میں واپسی میں معاونت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا کہ شاہ زین اور ان کے ساتھیوں کی واپسی میں غیر ضروری رکاوٹوں سے اجتناب برتا جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات