سیکیورٹی کے مسائل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا ،امریکی سفیر

بدھ 22 جنوری 2014 16:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے مسائل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔بدھ کو امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لنکن کارنر کا افتتاح کر نے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیکیورٹی کے مسائل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے وہ اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، پاکستانی اور امریکی یونیورسٹیز کے درمیان الحاق کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پہلے ہی پاکستانی ہونہار طالبعلوں کو اسکالر شپس دیئے جا رہے ہیں۔ لنکن کارنر میں طلبہ کو لائبریری کی جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، پاکستان کی مختلف جامعات اور لائبریریوں میں بارہ لنکن کارنرز کھولے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں رچرڈ اولسن نے کہاکہ پاکستان کے طالبان سے مذاکرات یا آپریشن کے حوالے سے امریکا کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، سیکیورٹی کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے اور سیکیورٹی سے متعلق تمام فیصلے بھی پاکستان کو خود کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکا پاکستانی عوام سے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی تعلیم، کاروبار اور توانائی کے شعبوں میں مدد کرررہے ہیں۔

امریکی سفیرنے کہاکہ لنکن کارنرز امریکی اور پاکستانی عوام کے درمیان مضبوط اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کو ظاہر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہاں پر موجود ریسورس سنٹر ہماری ثقافتوں کے درمیان ایک کھلے مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کیلئے پل تعمیر کرنے کے مواقع پیداکرے گا۔ امریکی سفیر نے کہاکہ سال2003ء سے اب تک امریکہ اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے درمیان بھی مضبوط شراکت داری قائم ہے جس کے تحت اس یونیورسٹی میں اساتذہ کی ترقی ، زرعی علوم میں تحقیق ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مصنوعات کی تجارت کیلئے ایک کروڑ 64 لاکھ ڈالر عطیے کی اعانت فراہم کی گئی ہے ۔

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اس شراکت داری اور زرعی تحقیق و غذائی تحفظ کے فروغ کیلئے دیگر منصوبوں پر بات چیت کیلئے یونیورسٹی حکام سے ملاقات کی اور انہیں امریکی حکومت کی جانب سے اپنے تمام ممکن تعاون کایقین دلایا۔ قبل ازیں امریکی سفیر نے دورہ فیصل آباد کے دوران انفارمیشن سنٹر کے افتتاح کے بعد ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل ، ڈویژنل و ضلعی انتظامی حکام اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور اس امر پر بات چیت کی کہ امریکہ اور پاکستان تعلیمی ،تدریسی ، تحقیقی تبادلوں ، کاروبار ، پنجاب میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ معیار کی زرعی تحقیق کیلئے تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے کیسے مل کر کام کرسکتے ہیں۔

امریکی سفیر نے تعلیمی شعبے میں امریکی عزم کی توثیق کیلئے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لنکن کارنر کا افتتاح کیا جو ریسورس سنٹر امریکہ ، حوالے کی کتب ، رسائل ، ذرائع ابلاغ اور انٹرنیٹ رابطے سے متعلق مواد فراہم کرنے کیلئے ایک انفارمیشن سنٹر کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایاکہ قبل ازیں اسلام آباد میں اس طرح کے 4سنٹرز سمیت مظفر آباد، سکردو، پشاور، راولپنڈی، کراچی ،حیدر آباد، خیر پور ،سرگودھا میں بھی سنٹرز کام کررہے ہیں اور فیصل آباد میں قائم کیاجانیوالا یہ پاکستان کا 12 واں سنٹرہے ۔ انہوں نے بتایاکہ جلد خیر پور ، بہاولپور،لاڑکانہ میں بھی لنکن کارنر انفارمیشن سنٹر کا آغاز کردیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :