ملک میں آخری وائرس اور کیس کی موجودگی تک ملک بھر میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی ، صدر ممنون حسین

بدھ 22 جنوری 2014 16:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کراچی میں پولیو ورکرز پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں آخری وائرس اور کیس کی موجودگی تک ملک بھر میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔منگل کے روز ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں صدر مملکت ممنون حسین نے انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں سے متعلق سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ حملے ہمارے اور قوم کے عزم کو متاثر نہیں کر سکتے، ملک کو پولیو وائرس سے پاک کرنے تک انسداد پولیو مہم جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو معذوری کی دلدل میں دھکیلنے والے ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے کراچی اور مانسہرہ میں انسداد پولیو ورکرز پر حملے کی شدید مذمت بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پولیو ورکرز پر حملے سے قوم کا عزم متاثر نہیں ہوگا واضح رہے کہ گزشتہ روز شروع ہونے والی تین روز انسداد پولیو مہم کا دوسرا روز تھا، جب گھات لگائے ملزمان نے قیوم آباد میں ڈیوٹی پر موجود پولیو ٹیم کے اراکان کو نشانہ بناتے ہوئے گولیوں سے بھون دیا، جس سے دو خواتین سمیت تین ورکرز جاں بحق ہوگئے، دوسری جانب مانسہرہ کے علاقے شیر گڑھ میں بھی دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیو ورکر جاں بحق ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :