رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کا گھر منہدم کرنے کے خلاف حکم امتناع میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کردی گئی

بدھ 22 جنوری 2014 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کا گھر منہدم کرنے کے خلاف حکم امتناع میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کردی ہے ۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نذر اکبر نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی صدر ڈویژن کی جانب سے مہلت طلب کرنے پر سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عارف علوی کے گھر کا ایک حصہ منہدم کرنے کے خلاف حکم امتناعی میں توسیع کردی ۔

دوران سماعت ڈاکٹر عارف علوی کے وکیل کی جانب سے درخواست دائر کی گئی کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی صدر ڈویژن کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے نہ تو علاقے میں کسی غیر قانونی عمارت کو منہدم کیا گیا ہے اور نہ کوئی جرمانہ عائد کیا گیا ۔میرے موکل کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے ۔عدالت نے مذکورہ درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی ۔