ملک کو اسلحہ سے پاک کئے بغیر امن، معاشی استحکام ناممکن ہے،صدر پاکستان اکانومی واچ

بدھ 22 جنوری 2014 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ملک کو اسلحہ سے پاک اور قانون کی حکمرانی یقینی بنائے بغیر ملک میں امن اور اقتصادی استحکام نا ممکن ہے۔ متعلقہ محکموں میں اسلحہ لائسنسوں کا مینا بازار لگا ہوا ہے جہاں صرف با اثر افراد کی پزیرائی ہوتی ہے جبکہ عام افراد اور تاجر برادری کو اپنی جان و مال کی حفاظت کے لئے دعاؤں اور غنڈہ عناصر کی آشیر باد کی ضرورت ہوتی ہے۔

ملک بھر میں وی آئی پی کلچر فروغ پا رہا ہے جس نے کئی معاشرتی برائیوں کو جنم دیا ہے جس میں خود ساختہ وی آئی پیز کی بڑھتی ہوئی تعداد شامل ہے جو بلو بک میں درج سرکاری پروٹوکول کے حقدار نہ ہونے کے باوجودہر جگہ اپنی گاڑیوں کے قافلے اور مسلح محافظین کے ساتھ گھومتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل کے مطابق جعلی وی آئی پیز نے پولیس کی طرح غیر قانونی سائرن بھی لگا رکھے ہیں۔

یہ نہ صرف ٹریفک میں خلل ڈالتے ہیں بلکہ عوام کو بندوقین دکھانے سمیت مختلف طریقوں سے ہراساں کرتے ہیں کیونکہ انتظامیہ اور ٹریفک یا ضلعی پولیس نے انھیں کھلی چھٹی دی ہوئی ہے۔سڑکوں اور بازاروں میں عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی پامالی کا سلسلہ بند کیا جائے۔کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے جرائم میں کچھ کمی آئی ہے مگر پائیدار امن کے لئے حکومت کو مزید اقدامات اٹھانے ہونگے جس کے لئے تاجروں، سیاستدانوں اور سول سوسائٹی سے مشاروت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی تارکین وطن جرائم کا بڑا سبب ہیں جنکے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :