دہشتگردی کا خطرہ‘ کراچی، حیدرآباد میں جیلوں کی سیکورٹی ہائی الرٹ

بدھ 22 جنوری 2014 14:08

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء) کراچی اور حیدرآباد میں جیلوں کی سیکورٹی بڑھادی گئیہے، حملوں کے خطرے کے پیش نظرجیلوں کی قریبی سڑکیں بندکردی گئی ہیں، کراچی سینٹرل جیل کے اطراف لگائے گئے موبائل فون جیمرز ہٹادئے گئے۔ سندھ کے دو بڑے شہروں کی جیلوں پر دہشت گردوں کے حملے کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ سینٹرل جیل کراچی پر ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات انتہائی سخت کردیے گئے ہیں۔

یونیورسٹی روڈ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔ جبکہ بکتر بند گاڑیوں کو بھی سینٹرل جیل کے راستوں پر متعین کردیا گیا ہے۔ جیل کی طرف آنے والی شاہراہوں کو بھی بلاکس رکھ کر بند کیا گیا۔ دہشت گردوں کے رابطوں کو ناکام بنانے کیلئے جیل کے اندر سات موبائل فون جیمرز نصب کیے گئے جس کے باعث قریبی علاقوں میں بھی موبائل فون سروس متاثر رہی، بعد میں تمام موبائل فون جیمرز ہٹا دیئے گئے۔

(جاری ہے)

کراچی پولیس چیف شاہد حیات ایک روز پہلے خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ سینٹرل جیل کراچی دہشت گردوں کا ممکنہ ہدف بن سکتی ہے۔ کچھ ایسی ہی صورت حال کا حیدرآباد سینٹرل جیل کو بھی سامنا ہے۔ جس پر خفیہ اداروں کی جانب سے دہشت گرد حملے کی اطلاعات دی گئی ہیں، جس کے بعد جیل کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور حفاظت پر ساڑھے تین سو پولیس اہل کاروں اور کمانڈوز کو تعینات کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :