گلوکارہ سائرہ ارشد اور سیکرٹری کا نئے فنکاروں سے 16لاکھ روپے کا فراڈ

بدھ 22 جنوری 2014 13:03

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2014ء)ملک کی معروف گلوکارہ حمیرا ارشد کی چھوٹی بہن گلوکارہ سائرہ ارشد اور انکے سیکرٹری نے مل کر نئے فنکاروں کو 16لاکھ روپے کا چونا لگا ڈالا۔ سائرہ ارشد کے سیکرٹری محمد آصف نے محمد تنویر اور ایک معروف اداکارہ کے بھائی نوکر علی عرف موبی سے یورپ لیکر جانے کا جھانسہ دے کر 16لاکھ روپے وصول کئے۔

(جاری ہے)

محمد تنویر اور نوکر علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی گاڑیاں فروخت کرکے انہیں پیسے دئیے تھے اور گلوکارہ کے سیکرٹری محمد آصف نے دونوں نوجوانوں کو کسی سے بھی ذکر کرنے کا منع کیا تھا اور کہا کہ ابھی ایجنسی کو نئے سال کی چھٹیاں ہیں اس لئے وہ جلد ویزے لگوا دے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

محمد آصف نے گارنٹی کے طور پر چار چار لاکھ روپے کے چار چیک بھی محمد تنویر اور نوکر علی کو دے رکھے ہیں جو کیش نہیں ہو سکے۔ محمد تنویر اور نوکر علی کا کہنا ہے کہ گلوکارہ سائرہ ارشد نے بھی ان سے ایک ہوٹل میں ملاقات کی تھی اور یورپ کے ٹور پر ساتھ لے کر جانے کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم اب گلوکارہ ان دونوں کی کال بھی نہیں سنتی۔ دوسری طرف گلوکارہ سائرہ ارشد کا کہنا ہے کہ یہ ان کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے ان کا اس سارے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔