کراچی ،سندھ کی جیلوں میں موبائل جیمرز کی تنصیب کا کام شروع ،کراچی سینٹرل جیل میں 7موبائل جیمرز نصب کردیئے گئے ،اطراف کے علاقوں میں پولیس چوکیاں قائم

منگل 21 جنوری 2014 20:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) حکومت سندھ نے جیلوں سے دہشت گردوں کے رابطوں کا نیٹ ورک توڑنے کے لیے موبائل جیمرز کی تنصیب کا کام شروع کردیا ہے ۔پہلے مرحلے میں کراچی سینٹرل جیل میں 7موبائل جیمرز نصب کردیئے گئے ہیں ۔یہ موبائل جیمرز 24گھنٹے کام کریں گے ۔ان جیمرز کی تنصیب کے بعد جیل اور اس کے اطراف ڈیڑھ کلومیٹر کے علاقے میں موبائل فون سروس متاثر ہوگی ۔

(جاری ہے)

کراچی سینٹرل جیل کے بعد ملیر،حیدر آباد ،سکھر اور لاڑکانہ سمیت دیگر 10جیلوں میں بھی آئندہ چند روز میں موبائل جیمرز نصب کردیئے جائیں گے جیلوں پر جیمرز کی تنصیب کا کام ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔دوسری جانب سینٹرل جیل پر ممکنہ حملے کے پیش نظر جیل کے اطراف بڑی عمارتوں پر پولیس نے چوکیاں قائم کردی ہیں اور اطراف کے راستوں کو رکاوٹیں لگاکر بند کردیا گیا ہے ۔