مستونگ میں زائرین کی بس پر حملے میں 22 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، شیعہ علما کونسل اور تحفظ عزادار کونسل کا ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان

منگل 21 جنوری 2014 19:51

مستونگ میں زائرین کی بس پر حملے میں 22 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، شیعہ ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری۔2014ء) مستونگ کے علاقے کوشک میں زائرین کی بس کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور خواتین، بچوں اور لیویز اہلکاروں سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔لیویز کے مطابق کوشک کے مقام پر ایران سے براستہ تفتان کوئٹہ آنے والی زائرین کی بس کو نامعلوم حملہ آوروں نے نشانہ بنایا، دھماکے کے بعد بس میں آگ لگ گئی جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی، مسلح افراد نے بس پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی، دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق بعض زخمیوں کی حات انتہائی تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب شیعہ علما کونسل اور تحفظ عزادار کونسل نے زائرین کی بس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، صدر ممنون حسین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یکم جنوری کو کوئٹہ میں زائرین کی بس پر حملے کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جب کہ اس سے قبل بھی مستونگ کے علاقے میں کوئٹہ سے جانے والے اور ایران سے واپس آنے والے زائرین پر کئی بار حملے کئے جاچکے ہیں جس کی زیادہ تر ذمہ داری کالعدم تنظیم قبول کرچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :