کراچی، لیاری میں مبینہ پولیس مقابلہ،گینگ وار کے 2ملزمان ہلاک،لسبیلہ سے لاش برآمد، پولیس نے 24گھنٹوں کے دوران 95چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 105ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا

منگل 21 جنوری 2014 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے میں گینگ وار کے 2ملزمان ہلاک ہوگئے ۔لسبیلہ سے لاش برآمد ،پولیس نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 95چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 105ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ،منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح لیاری کے علاقے پھول پتی لین میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کے 2ملزمان ہلاک ہوگئے ۔

ایس ایس پی سٹی فیصل بشیر میمن کے مطابق ملزمان کا تعلق شیراز کامریڈ گروپ سے ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ملزمان سی آئی ڈی اہلکار کے بھائی کے قتل میں بھی ملوث تھے ۔ادھر لسبیلہ پل کے قریب سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا ہے تاہم مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔

دوسری جانب پولیس نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 92چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 105ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے ۔پولیس کے مطابق اسی اثناء میں کارروائیوں کے دوران تین مقابلے بھی ہوئے ۔گرفتار ہونے والوں میں 7ڈکیتی ،18ناجائز اسلحہ ،16منشیات ،31مفرور ملزمان ،3پی اوز،3قتل کے ملزمان سمیت دیگر جرائم میں ملوث 25ملزمان شامل ہیں ۔ملزمان کے قبضے سے 25پستول اور 2600گرام چرس برآمد کی گئی ہے ۔ملزمان کو مزید تفیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔