شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بمباری، 48 افراد جاں بحق، بمباری میں مشرف پر حملے میں ملوث مفرور عدنان رشید، طالبان خودکش حملہ یونٹ کے انچارج ولی الرحمان سمیت متعدد طالبان رہنماوٴں کی ہلاکت کی اطلاعات ، طالبان ترجمان کی تردید

منگل 21 جنوری 2014 16:11

شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بمباری، 48 ..

بنوں(رحمت اللہ شباب۔ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) بنوں میں ایف سی کے قافلے پر حملے کے بعد شمالی وزیرستان میں حالات کشیدہ ہیں، شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بمباری میں 48 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، نمائندہ اُردو پوائنٹ کے مطابق گزشتہ رات میر علی کے علاقہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے نماز عشاء کے دوران مسجد پر بمباری کی جس سے 16نمازی جاں بحق ہو گئے جبکہ میران شاہ کے علاقہ میں بمباری سے 18افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، شمالی وزیرستان میں حالات کشیدہ ہونے کے باعث کرفیو نافذ ہیں جبکہ شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے، سیکورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں مختلف مقامات پر بمباری کے واقعات میں متعدد دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے، اُردو پوائنٹ کے ذرائع کے مطابق بمباری سے طالبان خودکش حملہ انچارج کمانڈر ولی الرحمن اور سابق صدر پرویز مشرف پر حملہ میں ملوث اسیر المجاہدین تنظیم کے سربراہ عدنان رشید سمیت متعدد بڑے کمانڈر ہلاک ہو گئے ہیں، سیکورٹی ذرائع کے مطابق میر علی میں عدنان رشید کے گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں عدنان رشید سمیت گھر میں موجود6افراد ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد نے نامعلوم مقام سے اُردو پوائنٹ سے گفتگو میں عدنان رشید کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ عدنان رشید زندہ ہیں اور تنظیمی معاملات دیکھ رہے ہیں۔ انہوں‌نے کہا کہ بمباری سے بے گناہ افراد شہید ہو رہے ہیں اور ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ عدنان رشید 2012ء میں بنوں جیل پر حملے کے دوران وہاں سے فرار ہوئے تھے اور گزشتہ سال ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کے بھی ماسٹر مائنڈ ہے۔

عدنان رشید جو کہ پاکستان ایئرفورس کا سابق افسر ہے اسے پرویز مشرف پر حملے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ اس سزا پر عملدرآمد نہ ہوسکا اور عدنان رشید کو بنوں جیل منتقل کردیا گیا جہاں سے تحریک طالبان نے جیل آپریشن میں اپریل 2012ء میں اسے رہا کرا لیا۔ جیل سے رہائی کے بعد سے عدنان رشید طالبان کارروائیوں کا اہم کردار رہا ہے۔