فلسطینی مزاحمت کاروں نے صہیونی دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے حیران کن طاقت حاصل کر لی ہے، ڈاکٹر صلاح الدین بردویل،فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں صہیونی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا دانت شکن جواب دینے کیلئے تیار ہیں،اسرائیل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت غزہ کی پٹی کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے،بڑی فوجی کارروائی کا جواز حاصل کرنے کیلئے فلسطینی مزاحمتی گروپوں کے کمانڈر اور مجاہدین کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، صحافیوں سے گفتگو

منگل 21 جنوری 2014 13:52

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری ۔2014ء) حماس کے پارلیمانی بلاک ”اصلاح وتبدیلی“کے سربراہ اور جماعت کے مرکزی لیڈر ڈاکٹر صلاح الدین بردویل نے کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے صہیونی دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے حیران کن طاقت حاصل کر لی ہے، فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں صہیونی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا دانت شکن جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

غزہ کی پٹی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر بردویل نے کہا کہ اسرائیلی فوج کیساتھ لڑائی اورغزہ کی پٹی کے درمیان طویل کشمکش کے بعد اب طاقت کا توازن تبدیل ہو چکا ہے اب فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے پاس اسرائیل کو حیران کر دینے والے ہتھیار موجود ہیں جو پیش آئند کسی بھی جنگ میں دشمن کوغیرمعمولی نقصان پہنچانے کا موجب بنیں گے۔

(جاری ہے)

حماس رہنماء نے کہا کہ صہیونی دشمن کی جانب سے غزہ کی پٹی پر فوج کشی اب بھی جاری ہے۔

فلسطینی مزاحمت کاروں کیساتھ ساتھ معصوم شہریوں کو بمباری میں شہید کیا جا رہا ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ صہیونی فوج مصر کی نگرانی میں طے پائے جنگ بندی معاہدے کا کوئی احترام نہیں کرتی ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت غزہ کی پٹی کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی گروپوں کے کمانڈر اور مجاہدین کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بڑی فوجی کارروائی کا جواز حاصل کرنے کیلئے مزاحمت کاروں کو جوابی کارروائی پر مجبور کیا جا سکے۔ ڈاکٹر بردویل نے کہا کہ غزہ کی پٹی کیخلاف صہیونی دشمن کی فوج کشی کے تباہ کن نتائج کی ذمہ داری دشمن پرعائد ہو گی۔

متعلقہ عنوان :