بھارت سے جگر کی پیوند کاری کے بعد قومے کی حالت میں وطن واپس لایا جانیوالا نو سالہ عمران دم توڑ گیا ،بھارتی ڈاکٹروں نے عمران کو نئی دہلی سے بذریعہ ایمبولینس واہگہ کے راستے پاکستان بھجوایا جس سے اسکی حالت مزید بگڑ گئی

پیر 20 جنوری 2014 21:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) بھارت سے جگر کی پیوند کاری کے بعد قومے کی حالت میں وطن واپس لایا جانیوالا نو سالہ عمران شیخ زید ہسپتال میں دم توڑ گیا ، خیبر پختوانخواہ کے رہائشی عمران کو بھارتی ڈاکٹروں نے نئی دہلی سے پیر کے روز بذریعہ ایمبولینس واہگہ کے راستے پاکستان بھجوایا جس سے اسکی حالت مزید بگڑ گئی اور پاکستان پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد وہ چل بسا ۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختوانخواہ کے علاقہ لنڈی کوتل کے رہائشی خان افضل کا نو سالہ بیٹا عمران جگر کے عارضہ میں مبتلا تھا ۔ عمران کی بہن نے اپنے بھائی کو جگر کا عطیہ دیا جسکے بعد اسے پیوند کاری کے لئے بھارت منتقل کیا گیا جبکہ والدین نے اپنے لخت جگر کی جان بچانے کیلئے جمع پونچی بیچ کر لاکھوں روپے خرچ کر ڈالے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے بعد عمران قومے میں چلا گیا جبکہ ڈاکٹروں نے مرض کی پیچیدگی اور والدین کی مالی حالت دیکھتے ہوئے بچے کا بھارت میں مزید علاج جاری رکھنے سے انکار کر دیا اور اسے پیر کے روز بذریعہ ایمبولینس واپس پاکستان بھجوا دیا گیا جسے پاکستان پہنچنے کے بعد شیخ زید ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ چند گھنٹوں بعد موت کی آغوش میں چلا گیا ۔

ڈاکٹروں کے مطابق ایمبولینس پر طویل سفر کرنے سے عمران کی حالت مزید بگڑ گئی اور وہ قومے کی حالت میں ہی دم توڑ گیا ۔ عمران کے والدین نے وطن واپسی پر حکومت سے علاج معالجے میں مدد کی اپیل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :