وفاقی کابینہ نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر کے قرضہ کے لئے ترکی کے ایگزم بینک کیساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی منظوری دیدی،قرضہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے استعمال ہوگا،پاکستان اور ترکی اجازت کے بغیر رہائش پزیر افراد کی واپسی سے متعلق معاہدے پر دستخط اور معاہدے کی توثیق،ایران اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کے شعبہ میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی منظوری

پیر 20 جنوری 2014 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) وفاقی کابینہ نے پاکستان کے لئے 30 کروڑ ڈالر کے قرضہ کے لئے ترکی کے ایگزم بینک کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی منظوری دیدی ہے قرضہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے استعمال ہوگا۔ پیر کو کابینہ کااجلاس وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں کابینہ نے کابینہ نے سرکاری پاسپورٹ، سپیشل اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے پاکستان اور کویت کے درمیان ویزا تقاضوں سے چھوٹ کے لئے ایک معاہدے اورمعاہدے کی توثیق کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے پاکستان اور ترکی کے درمیان پاکستان اور ترکی اجازت کے بغیر رہائش پزیر افراد کی واپسی سے متعلق معاہدے پر دستخط اور معاہدے کی توثیق کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت غیرقانونی امیگریشن کا مئوثر خاتمہ کیا جائے گا اور افراد کی محفوظ اور منظم واپسی کے لئے طریقہ کار وضع کریں گی۔ کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان تحویل ملزمان کے معاہدے کی بھی منظوری دی۔

پاکستان اور برطانیہ، پاکستان اورناروے، پاکستان اور یوکرائین کے درمیان بلااجازت رہائش پذیر کی واپسی سے متعلق معاہدہ پر عملدرآمد کی منظوری دی۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان مفروروں کی تحویل سے متعلق معاہدہ کی توثیق کی منظوری دی۔ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان مفروروں کی تحویل سے متعلق معاہدہ کے لئے بات چیت شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے گریٹر انقرہ میونسپیلیٹی اور سی ڈی اے کے درمیان دوستی اور تعاون کے معاہدہ پر دستخط کی منظوری دی جبکہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دفاعی تبادلوں سے متعلق مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) کے مسودہ کی بھی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پولینڈ کی فانشنل پرویژن اتھارٹی کے درمیان بینکاری نگرانی سے متعلق ایم او یو پر بات چیت شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور یواے ای کے مرکزی بینک کے درمیان بینکاری نگرانی سے متعلق بات چیت کے آغاز اور دونوں ممالک کے درمیان بینکاری آپریشن کے لئے معلومات کے تبادلے کی منظوری دی۔ پبلک سیکٹر میں آڈیٹنگ کے لئے پاکستان کے آڈٹ اداروں اور ایران کی سپریم آڈٹ کور ٹ کے درمیان ایم او یو سے متعلق بات چیت کے آغاز کی بھی اصولی منظوری دی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان اور تیونس کے مرکزی بینک کے درمیان بینکاری نگرانی اور شاخیں کھولنے کے لئے معلومات کے تبادلہ سے متعلق ایم او یو پر دستخط کیلئے بات چیت شروع کرنے کی منظوری دی۔ جمہوریہ مالدیپ کے ساتھ کیلوں کے شعبہ میں تعاون کے لئے ایم او یو پر دستخط کیلئے بات چیت کے آغاز کی منظوری دی گئی اسی طرح کیوبا کے ساتھ کھیلوں کے شعبہ اور فزیکل کلچر کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کیلئے معاہدہ کی توثیق کی منظوری دی گئی ایران اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کے شعبہ میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔