Live Updates

وزیراعلیٰ سے فارٹسکیو اینڈواک فری فاوٴنڈیشن کے چیئرمین کی ملاقات ، تعلیم، توانائی ،جبری مشقت کے خاتمے او ر دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق،خوشحالی اور ترقی کا واحد زینہ تعلیم ہے، تعلیم کو فروغ دیکر انتہا پسندی ،دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے،گزشتہ پانچ برسوں کے دوران فروغ تعلیم کیلئے انقلابی اقدامات کئے،پنجاب حکومت توانائی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں آسٹریلیوی گروپ کے تعاون کا خیر مقدم کریگی،چار رکنی کمیٹی تعاون بڑھانے کیلئے جلد قابل عمل سفارشات پیش کرے ،لاہور میں 852ایکڑ اراضی پر نالج پارک بنایاجا رہاہے،پارک میں دنیاکے بہترین تعلیمی اداروں کے کیمپس قائم کئے جائینگے‘ شہباز شریف

پیر 20 جنوری 2014 21:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ تعلیم ہی خوشحالی اور ترقی کا واحد زینہ ہے، دنیا میں انہی قوموں نے ترقی کی ہے جنہوں نے فروغ تعلیم کو ا پنی اولین ترجیح بنایا ،تعلیم عام کر کے انتہاء پسندی اور دہشت گردی سے بھی مناسب طو ر پر نمٹا جا سکتا ہے، پنجاب حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران تعلیم کے شعبہ کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں ، دو لاکھ سے زائد ہونہار طلبا و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دئیے گئے ،دینی مدارس کے طلبا و طالبات میں بھی لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں تاکہ وہ بھی جدید علوم سے آگاہی حاصل کر سکیں، پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکول قائم کئے گئے ہیں جن کا معیار گرائمر سکولوں او رایچی سن کالج کے ہم پلہ ہے،علم ودانش کے ان گہواروں میں انتہائی کم وسیلہ طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے، پنجاب حکومت آسٹریلیوی گروپ کی جانب سے توانائی ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کا خیر مقدم کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز یہاں سے فارٹسکیو اینڈواک فری فاوٴنڈیشن کے چےئرمین انڈریو فارسٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،سیکرٹریز لیبر،معدنیات، ہائر ایجوکیشن کے علاوہ متحدہ عرب عمارات میں پاکستان کے سرمایہ کاری کے بارے میں اعزازی قونصلر رضا جعفر اورفارٹسکیو اینڈ واک فری فاوٴنڈیشن کے دیگر عہدیداران بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

ملاقات میں پنجاب حکومت اور فارٹسکیو اورواک فری فاؤنڈیشن کے درمیان تعلیم، توانائی ، کوئلے کی کان کنی ،جبری مشقت کے خاتمے اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے تعلیم کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ کی تقسیم کے ساتھ صوبے کے پا نچ ہزار سے زائد ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں۔

لاہور میں 852ایکڑ اراضی پر نالج پارک بنایا جارہاہے اور اس پارک میں دنیا بھر کے بہترین تعلیمی اداروں کے کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب 10کروڑ آبادی پر مشتمل پاکستان کا بڑا صوبہ ہے اور اس کی 60فیصد آبادی15سے 30برس کے نوجوانو ں پر مشتمل ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ سماجی و معاشی اقدامات اٹھا کر لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں۔

روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنا ہماری حکومت کے اولین ایجنڈے میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے سنگین بحران کا سامناہے، توانائی بحران ایک بڑا چیلنج ہے تاہم اس سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کی جا رہی ہیں۔ توانائی کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے ،ر وز گار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور انتہاء پسندانہ رحجانات کم کرنے کے لئے توانائی بحران کا خاتمہ بے حد ضروری ہے۔

حکومت عزم ، محنت اور اجتماعی سوچ کے ساتھ توانائی بحران اور انتہا ء پسندی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں کوئلے کے وسیع ذخائرموجود ہیں جنہیں استعمال میں لاکر توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ حکومت کوئلے سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جبری مشقت کے خاتمے کے لئے بھی مربوط پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آسٹریلیوی گروپ کے سا تھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہ کمیٹی جلد قابل عمل سفارشات مرتب کر کے پیش کرے۔فارٹسکیو اینڈواک فری فاوٴنڈیشن کے چیئرمین نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے ساتھ جبری مشقت کے خاتمے، تعلیم، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے حقیقی معنوں میں کوشاں ہیں۔ آسٹریلیوی گروپ نے پنجاب میں خام کوئلے کے ذخائر کی فیز یبلٹی تیار کرنے میں بھی دلچسپی کا ا ظہار کیا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات