میاں نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کا سنہری موقع ضائع کر دیا ہے ، یوسف رضا گیلانی ، انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے موقف پارلیمنٹ میں دیں گے ،امریکی دھکیوں سے پاک امریکہ تعلقات متاثر ہوں گے ، اچھے تعلقات کا انحصار باہمی اشتراک سے ہے ، سابق وزیر اعظم کی میڈیا سے گفتگو

پیر 20 جنوری 2014 20:38

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 جنوری ۔2014ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کا سنہری موقع ضائع کر دیا جس کی وجہ سے انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے موقف پارلیمنٹ میں دیں گے۔پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم کی حیثیت سے ہمیشہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر ہی اقدامات کیے تاہم موجودہ حکومت پارلیمنٹ کو انڈر مائن کر رہی ہے جس کی وجہ سے ملکی مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ بنوں اور راولپنڈی قابل مذمت ہے تاہم حکومت پارلیمنٹ کے ذریعے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امریکہ کا ڈاکٹر شکیل افریدی کی رہائی کا مطالبہ عالمی تعلقات کی نفی ہے تاہم پرویز مشرف کا بیمار ہونا فطری ہے کیونکہ اکثر ہم بھی عدالت پیش ہونے سے پہلے ہی بیمار ہو جاتے تھے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نے کہاکہ اے پی سی میں بھی تمام سیاسی پارٹیوں نے حکومت کو مینڈیٹ دیا جس کا حشر سب کے سامنے ہے ، پارلیمنٹ ملک کا سپریم ادارہ ہے حکومت سیکیورٹی پلاننگ کو پارلیمنٹ میں بحث کے بعد نافذ کرے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ حکومت نے مشرف کا ٹرائل 12 اکتوبر1999ء سے نہ کرکے اپنا کیس خود کمزور کرلیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہاکہ امریکی دھکیوں سے پاک امریکہ تعلقات متاثر ہوں گے کیونکہ اچھے تعلقات کا انحصار باہمی اشتراک سے ہے۔