کراچی‘فائرنگ اور پرتشددواقعات میں پولیس افسر سمیت مزید پانچ افراد کی زندگی کے چراغ گل کردیئے گئے

پیر 20 جنوری 2014 15:55

کراچی‘فائرنگ اور پرتشددواقعات میں پولیس افسر سمیت مزید پانچ افراد ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) شہر قائد میں بدامنی کا تسلسل جاری ،پیرکو فائرنگ اور پرتشددواقعات میں پولیس افسر سمیت مزید پانچ افراد کی زندگی کے چراغ گل کردیئے گئے۔دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کہاہے کہ شہر میں آپریشن جاری رہے گا، کوئی سیاسی دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا،رینجرزنے کورنگی کے علاقے سے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے دوٹارگٹ کلرزکوگرفتارکرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملیر میں واقع ولایت شاہ مزار کے قریب ملیر ندی سے تین افراد کی تشدزدہ لاشیں ملی ہیں،جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔پولیس کے مطابق تینوں افراد کو اغوا کے بعد شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور بعد ازاں گولیاں مار کر قتل کرکے لاشیں ملیر ندی میں پھینک دی گئیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال مقتولین کی شناخت سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ادھرکورنگی نمبر1 چکراگوٹھ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ڈیوٹی پر جانے والے اے ایس آئی کامران کوقتل کردیا ہے ۔ مقتول پولیس ہیڈکوارٹر ساؤتھ میں تعینات تھا۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے جناح اسپتال منتقل کردیا۔واٹر پمپ چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا،لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔

نارتھ کراچی انڈا موڑکے قریب ہوٹل پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے،جن کی شناخت 25سالہ فاروق ولدعبدالوحیداور35سالہ کاشف ولد محمدبخش کے نام ہوئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ انہوں نے ہوٹل پر اندھا دھندفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2افرادزخمی ہوگئے ،زخمیوں کو طبی امدادکے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب رینجرز نے کورنگی میں چھاپہ مار کر دو مطلوب ملزمان فہیم عرف ڈپٹی اور یاسر کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔دوسری جانب سے گارڈن ہیڈ کواٹر میں پولیس دربار سے خطاب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کہا کہ شہر میں امن کے لئے آپریشن جاری ہے اور جاری رہے گا،کوئی سیاسی دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے سو بلٹ پروف موبائل کی منظوری دی ہے،20 موبائلیں آئندہ ہفتے جبکہ آئندہ ماہ تک 15 ہزار بلٹ پروف جیکٹس پولیس کی مل جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں شہید ہونے والے70 پولیس افسران اور اہلکاروں کے ورثا کو ملازمتوں کے آرڈر دے دیے جائیں گے، شہدا کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

متعلقہ عنوان :