کانگریس نے راہول کو قربانی کا بکرا بنتے دیکھ کر پہلے ہی شکست تسلیم کر لی‘نریندر مودی

پیر 20 جنوری 2014 13:09

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء)بھارتی جنتا پارٹی کے وزیراعظم کیلئے نامزد امیدوار نریندر مودی نے کہا ہے کہ کانگریس نے راہول کو قربانی کا بکرا بنتے دیکھ کر پہلے ہی شکست تسلیم کر لی ہے ‘جب ایک ماں کو اپنے بیٹے کی ہار یقینی لگنے لگتی ہے تو اس کے نام کا اعلان نہیں کرتی -لال کرشن ایڈوانی نے کہا کہ پارٹی کارکن لوک سبھا کے انتخابات کی تیاریوں کے دوران حد سے زیادہ خوداعتمادی سے بچیں- قومی کونسل کی میٹنگ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کانگریس کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کو قربانی کا بکرا بنتے دیکھ کر پہلے ہی شکست تسلیم کرلی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کانگریس نے ایک جلسہ کیا جہاں انہیں وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار کا اعلان کرنا تھا لوگ سننے آئے تھے تو کانگریس نے راہول گاندھی کے بدلے انہیں اضافی گیس سلنڈر دینے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب ایک ماں کو جب اپنے بیٹے کی ہار یقینی لگنے لگتی ہے تو وہ اسکے نام کا اعلان نہیں کرتی جس سے لگتا ہے کہ سونیا گاندھی کو اپنے بیٹے سے بہت پیار ہی۔

اس سے قبل لال کرشن ایڈوانی نے پارٹی کے کارکنوں کو آگاہ کیاکہ لوک سبھا کے انتخابات کی تیاریوں کے دوران وہ حد سے زیادہ خوداعتمادی سے بچیں اور پوری بیداری اور جوش و خروش کے ساتھ پارٹی کو واضح اکثریت دلانے کی مہم میں لگ جائیں۔ انہوں نے نریندر مودی کی حکمت عملی کی جم کر تعریف کی اور یہ تسلیم کیا کہ ملک میں ابھی تک ہوئے لوک سبھا کے پندرہ انتخابات میں پارٹی نے اتنی تیاری اس سے پہلے کبھی نہیں کی تھی۔