سعودی شہری سمیت دس افراد کو جعلی آبِ زم زم کی دو لاکھ بوتلیں تقسیم کرنے اور بیچنے کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا

پیر 20 جنوری 2014 13:06

جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء)ایک سعودی شہری سمیت دس افراد کو جعلی آبِ زم زم کی دو لاکھ بوتلیں تقسیم کرنے اور بیچنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے اخبار سعودی گزٹ کے مطابق وزارت تجارت و صنعت کے معائنہ کاروں نے مکہ کے الرصیفہ کے علاقے میں چھاپہ مار کر تین افراد کو بوتلوں کے اندر عام پانی بھرتے ہوئے پکڑ لیا پانی کو آبِ زم زم بنا کر پیش کیا جا رہا تھا۔

عرب نیوز اخبارکے مطابق معائنہ کاروں نے بوتلیں بھرنے کی مشینری کو تباہ کر دیا اور فیکٹری کو سیل کر دیا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں آب زم زم کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے۔یہ پانی مکہ میں مسجد الحرام کے اندر واقع ایک کنویں سے نکالا جاتا ہے حج و عمرہ کے دوران دنیا بھر کے مسلمان اس کی بوتلیں بھر بھر کر ساتھ لے جاتے ہیں اور اپنے عزیزوں اور دوستوں کو بطور سوغات پیش کرتے ہیں۔