آصف علی زرداری کی دہشتگردوں کی جانب سے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت ،عوام متحدد ہو کرخونخوار دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں ، دہشتگردانہ حملے سکیورٹی فورسز کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے ، سابق صدر

اتوار 19 جنوری 2014 20:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) سابق صدرآصف علی زرداری نے دہشتگردوں کی جانب سے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام متحدد ہو کرخونخوار دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں ، دہشتگردانہ حملے سکیورٹی فورسز کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے ۔ اتوار کو کئے جانے والے اس دھماکے میں 20فوجی شہید اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔

سابق صدر نے ایک بیان میں کہا کہ اس مذموم حملے کی مذمت کے لئے کوئی بھی الفاظ کافی نہیں۔

(جاری ہے)

اس قسم کے حملے پاکستانی قوم اور سکیورٹی فورسز کے اس عزم کو کمزور نہیں کر سکتے کہ دہشتگردوں کو شکستِ فاش دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر فوجی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کی حفاظت کر رہے ہیں جس کے لئے قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے کہا کہ وہ متحدد ہو کر ان خونخوار دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں جو ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شہید ہونے والوں کے ایصالِ ثواب اور متاثرہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :