مستحق اور غریب افراد کی مدد کرنا ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے‘گورنر پنجاب، اداروں کی کامیابی اجتماعی محنت سے ہی ممکن ہے اور ادارے ٹیم ورک سے بنتے ہیں‘ہر فرد مثبت تبدیلی کیلئے کوشش کرے، ہمارے لیے حضورﷺ کی زندگی مشعلِ راہ ہے جنہوں نے فتح مکہ کے موقع پر عام معافی کا اعلان کیا اور اپنی زندگی میں اسلام کو عرب کے تول و عرض تک دعوت و تبلیغ اور اپنے حسنِ سلوک سے پھیلایا‘تقریب سے خطاب

اتوار 19 جنوری 2014 15:27

چیچہ و طنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ مستحق اور غریب افراد کی مدد کرنا ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے تاکہ وہ دولت اور عہدہ کی اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی طاقت کو مثبت کاموں میں استعمال کرے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کو فروغ ملے ہر آدمی دوسرے کے درد کو محسوس کرے اور قوم کے ہر بچے کو اپنا بچہ سمجھے اسی سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے ۔

وہ چیچہ وطنی میں رائے علی نواز فاؤنڈیشن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں ۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی رائے حسن نوازخاں ، چوہدری محمد منیر ازہر ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری محمدارشد جٹ ، ایم پی اے چوہدری وحید اصغر ڈوگر، سابق تحصیل ناظم چوہدری محمدطفیل ،سابق ایم این اے چوہدری زاہداقبال ، سابق ممبر پنجاب بار کونسل محمدافضل چوہدری، ڈی سی او ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمداشرف جاوید، چیئرمین ایڈوائزی کمیٹی چوہدری امجد ظفر ، شیخ عبدالغنی ، راؤ محمداسلم خاں ، رانا محمداجمل خاں ،صدرہیموڈائیلاسز ویلفیئرسوسائٹی شیخ محمد یونس اور صنعتکار حاجی محمدایوب بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اداروں کی کامیابی اجتماعی محنت سے ہی ممکن ہے اور ادارے ٹیم ورک سے بنتے ہیں اس لیے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی اور سماجی خدمات کے لیے اپنی اپنی کوشش کرے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا نیلسن مینڈیلا کو اس لیے خراجِ تحسین پیش کرتی ہے کہ انہوں نے اپنے تمام مخالفین کو معاف کیا اور صحیح وقت پر اقتدار کو چھوڑا جوکہ مسلم امہ میں سب سے بڑی خامی ہے یہاں ہر شخص اپنے اقتدار کو ٹول دینے کے لیے جائز ناجائز ہتھ کنڈے استعمال کرتا ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے لیے حضورﷺ کی زندگی مشعلِ راہ ہے جنہوں نے فتح مکہ کے موقع پر عام معافی کا اعلان کیا اور اپنی زندگی میں اسلام کو عرب کے تول و عرض تک دعوت و تبلیغ اور اپنے حسنِ سلوک سے پھیلایا ۔

اس سے پہلے گورنر چوہدری محمدسرور نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں قائم ڈائیلاسز سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی انہیں بتایا گیا کہ سنٹر میں 16 ڈائیلاسز مشینیں کام کررہی ہیں جہاں روزانہ 32 مریضوں کا ڈائیلاسز کیا جاتا ہے انہوں نے سنٹر کو چلانے پر شیخ محمدیونس کے جذبے کو سراہا اور مخیر حضرات کو انہی کا جذبہ پیدا کرنے کی تلقین کی تاکہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ بعدازاں انہوں نے زینب میموریل چلڈرن کمپلیکس کے سنگِ بنیاد کی نقاب کشائی کی ۔

متعلقہ عنوان :