پاکستانی خواتین میں سگریٹ نوشی کا کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے ،برطانوی میڈیا،تمباکو نوشی کی بڑھتی ہوئی شرح کی سب سے بڑی وجہ تمباکو نوشی کے خلاف اشتہارات کا کم ہونا ہے ، پاکستانی تنظیم

اتوار 19 جنوری 2014 15:27

پاکستانی خواتین میں سگریٹ نوشی کا کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے ،برطانوی ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) برطانوی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ پاکستانی خواتین میں سگریٹ نوشی کا کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے۔اتوار کو برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ ٹن سے زائد تمباکو فروخت ہوتا ہے، پہلے نوجوان خواتین میں نوجوان مرد حضرات کے مقابلے میں سگریٹ نوشی کی شرح 4 کے مقابلے میں ایک تھی جو اب 2کے مقابلے میں ایک ہو گئی ہے، گاوٴں دیہاتوں میں جو خواتین حقے کا استعمال کرتی ہیں وہ سگریٹ نوشی کے علاوہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق جہاں پاکستان میں عورتوں کے سگریٹ پینے کو معیوب سمجھا جاتا ہے وہیں عورتوں میں تمباکو نوشی کی شرح 9 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔پاکستانی معاشرے میں تمباکو نوشی کی بڑھتی ہوئی شرح کے خلاف کام کرنے والے ایک اہلکار محمد ندیم کے مطابق تمباکو نوشی کی بڑھتی ہوئی شرح کی سب سے بڑی وجہ تمباکو نوشی کے خلاف اشتہارات کا کم ہونا اور حکومت کی ناکافی کوششیں ہیں جس کی وجہ سے نوجوان لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیاں بھی اس جان لیوا نشے میں مبتلا ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں نوجوان لڑکیوں میں سگریٹ نوشی کی تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان کی ایک وجہ تمباکو کمپنیوں کا خواتین کو یہ بتانا بھی ہے کہ سگریٹ نوشی سے خواتین کا امیج ایک طاقتور خواتین کے طور پر بڑھتا ہے۔سگریٹ کے ہول سیلرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں تو سگریٹ لینے کم ہی خواتین آتی ہیں تاہم زیادہ تر خواتین ریٹیل دکانوں سے ہی سگریٹ حاصل کر کے اپنا نشہ پورا کر لیتی ہیں۔