آئندہ کسی بھی غیر آئینی شب خون سے بچنے کیلئے پرویز مشرف کا آئین کے آرٹیکل 6کے تحت بے لاگ ٹرائل ہونا انتہائی لازمی ہے، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر

ہفتہ 18 جنوری 2014 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) جماعت اسلامی کی صوبائی مجلس شوریٰ کااجلاس امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر کی زیر صدارت گزشتہ روز منصورہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال پر قرار داد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی پنجاب کی صوبائی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس ملک کے موجودہ سیاسی حالات اور قومی سلامتی و سالمیت کو درپیش خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتاہے۔

ملک و قوم اور عوام کیلئے یہ صورت حال ایک المیہ سے کم نہیں کہ موجودہ حکومت نے بھی سابقہ حکومتوں کی طرح بلکہ ان سے بڑھ کر غیر ملکی ایجنڈے اور آئی ایم ایف کی ہدایات پر عمل درآمد کا ہی راستہ اختیار کیاہے۔ جس کے نتیجہ میں قومی آزادی و خودمختاری اور سلامتی و سالمیت کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ آئی ایم ایف سے انتہائی ذلت آمیز شرائط پر قرضہ لے کر عوام کی مشکلات میں بھی بے پناہ اضافہ کردیا گیاہے۔

صوبائی مجلس شوریٰ کی نظر میں حکمرانوں کا یہ طرز عمل جہاد کشمیر سے عملاً انحراف ، شہدائے کشمیر کی قربانیوں سے بے وفائی ، مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی اور مسئلہ کشمیر کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا۔کراچی میں اگرچہ پولیس ، رینجرزکا مشترکہ آپریشن جاری ہے اور اس کے کچھ مثبت نتائج بھی نکلے ہیں ۔ لیکن یہ آپریشن ابھی تک زیادہ نتیجہ خیز نہیں بن سکا۔

قرار داد میں کہا گیا کہ پرویز مشرف ایک قومی مجرم ہے ۔ اس نے آئین پاکستان کو دو مرتبہ پامال کیااور عدلیہ پر شب خون ماراہے ، وہ کراچی اور لال مسجد و جامعہ حفصہ میں قتل عام کااصل مجرم ہے اور اس پر اکبر بگٹی کے قتل کا واضح الزام ہے۔ کسی بھی آئندہ غیر آئینی شب خون سے بچنے کے لیے پرویز مشرف کا آئین کے آرٹیکل 6کے تحت بے لاگ ٹرائل ہونا انتہائی لازمی ہے۔

موجودہ حکومت نے اگرچہ پرویز مشرف کے خلاف عدالتی کاروائی کاآغاز کیاہے ۔ جس کا جماعت اسلامی سمیت پوری قوم نے خیر مقدم کیاتھا۔ لیکن اب اسے حیلے بہانوں سے بیرون ملک بھیجنے اور مقدمہ کی بساط کو عملاً لپیٹنے کی خبر انتہائی تشویش ناک ہے ۔ جماعت اسلامی مشرف کو بچانے کے ہر عمل کو مسترد کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ قوم ایسے مجرم کو راہ فرار میں مدد دینے والوں کابھی کڑا محاسبہ کرے گی۔

جماعت اسلامی پنجاب کی صوبائی مجلس شوری ان حالات میں مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان امریکہ اور بھارت کے آگے گھٹنے ٹیکنے کی بجائے طے شدہ قومی اتفاق رائے کے مطابق حکمت عملی تشکیل دے۔ ملک میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کیا جائے۔