Live Updates

طالبان سے مذاکرات شروع ہی نہیں ہوئے توناکام کیسے ہوگئے، عمران خان

جمعہ 17 جنوری 2014 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جنوری۔2014ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات شروع ہی نہیں ہوئے توناکام کیسے ہوگئے، اگر وزیر اعظم نواز شریف طالبان سے مذاکرات نہیں کر سکتے تو اپنی ناکامی تسلیم کر کے حکومت تحریک انصاف کے حوالے کر دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایک اور آل پارٹیز کانفرنس بلائے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چار ماہ گزر چکے لیکن حکومت طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے اے پی سی کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے میں ناکام ہے۔ عمران خان نے بتایا کہ انہوں نے نوازشریف سے پہلے بھی پوچھا تھا کہ اگر طالبان سے مذاکرات کے دوران ڈرون حملہ ہوگیا تو کیا کریں گے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا تھا اقوام متحدہ میں جائیں گے، امریکا نے مذاکراتی عمل پر ڈرون حملہ کیا ، وزیر اعظم بتائیں انہوں نے امریکا سے کیا احتجاج کیا؟عمران خان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ طالبان سے مذاکرات کو ناکام قرار دے رہے ہیں ، ابھی مذاکرات شروع ہی نہیں ہوئے تو ناکام کیسے ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو ووٹوں کی تصدیق کے معاملے پر استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا،چیف جسٹس ازخود نوٹس لیں، حکومت نے چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق نہ کرائی تو تحریک انصاف سڑکوں پر آ کر احتجاج کرے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات