وزیراعلیٰ بلوچستان سے وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، حکومت تعلیم کی کلیدی اہمیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

جمعہ 17 جنوری 2014 21:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت مستقبل کی تعمیر کے لیے تعلیم کی کلیدی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، انہوں نے یہ بات وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، جس نے جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کر کے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا ہے اور تعلیمی اداروں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کو بارآور بنانے کے لیے اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تنخواہوں اور مراعات پر حکومت کثیر رقم خرچ کر رہی ہے، اساتذہ کو اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے نئی نسل کی بہتر تعلیم و تربیت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور اساتذہ کی ڈیوٹی پر حاضری اور گڈ گورننس کے معاملات پر ان کی حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :