قومی وطن پارٹی کا کالا باغ ڈیم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ،کالاباغ ڈیم جیسا منصوبہ پختونوں کی تباہی اور بربادی کا منصوبہ ہے ،کسی صورت نہیں بننے دیا جائیگا،سکندرشیرپاؤ

جمعہ 17 جنوری 2014 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) قومی وطن پارٹی نے کالاباغ ڈیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت پارٹی کے صوبائی رہنماء سکندر حیات خان شیرپاؤ کر رہے تھے۔نوشہرہ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ میں پارٹی کارکنوں نے کالاباغ ڈیم اور صوبائی حکومت کے خلاف کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر کالاباغ ڈیم نامنظور اور کالاباغ ڈیم کسی صورت بننے نہیں دیں گے جیسے نعرے درج تھے ۔

جی مظاہرہ نے شوبرہ چوک نوشہرہ میں احتجاجی جلسے کی صورت اختیار کی جس سے پارٹی کے صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالاباغ ڈیم جیسا منصوبہ پختونوں کی تباہی اور بربادی کا منصوبہ ہے اور اسے کسی صورت بننے نہیں دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ نے کالاباغ ڈیم کی حمایت کرکے نوشہرہ کے عوام کے مینڈیٹ کا مزاق اڑایا ہے کیونکہ اس منصوبے کی تکمیل سے سب زیادہ یہی ضلع متاثر ہو گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے خلاف صوبہ خیبر پختونخوا اور سندھ و بلوچستان اسمبلیوں کی طرف سے متفقہ قراردادیں منظور ہو چکی ہیں لہذا اس منصوبے کی حمایت عوامی مینڈیٹ کی نفی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت دانستہ طور پر صوبہ کو انارکی کی طرف لے جا رہی ہے اور انھیں صوبہ اور پختونوں کے مسائل کا کوئی ادراک نہیں۔انھوں نے کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی صورت حال دگرگوں ہے بدامنی،اغواء برائے تاوان،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم روز کا معمول بن چکی ہیں جس کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی اور غیر یقینی بڑھتی جا رہی ہے۔

انھوں نے مزیدکہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت کی نااہلی اور عدم توجہ کی وجہ سے صوبہ اور پختونوں کے مسائل جوں کے توں ہیں اور اس میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوا ہے ۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کا ایجنڈا پنجاب کے تخت پر قبضہ کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے صوبہ خیبر پختونخوا اور یہاں کے عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے لیکن پی ٹی آئی مزید تبدیلی کے نام پرعوام کو دھوکہ نہیں دے سکتی کیونکہ عوام کے سامنے ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

مظاہرہ کے دوران پشاور اور نوشہرہ تبلیغی مراکز میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی اور اسے صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنماء بخت بیدار خان، فقیر حسین، جسٹس شاہ جہان خان، خان اکبر خان، عبدلغفار خان، ڈاکٹر عالم، انجینئرذوالفقارعزیز،کفایت علی خان ایڈووکیٹ،طارق احمد خان اور ولی الرحمان کے علاوہ ضلع نوشہرہ کے پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔