جاسوسی معاملہ،جرمن پارلیمنٹ میں حکومتی واپوزیشن ارکان امریکہ پر برہم، اتحادی دوستوں کے ساتھ مخالفین جیسارویہ اختیار نہیں کیا جاتا،یہ ناقابل برداشت ہے،ارکان پارلیمنٹ

جمعہ 17 جنوری 2014 20:08

برلن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) جرمن پارلیمنٹ میں حکومتی واپوزیشن ارکان نے امریکا کی جانب سے جاسوسی کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ایسا رویہ تو کوئی اپنے دشمنوں سے بھی نہیں رکھتا جو امریکا نے اپنے اتحادی کے ساتھ کیا ہے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز پارلیمنٹ اجلاس میں امریکی جاسوسی پر بات کرتے ہوئے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے بْرک ہارڈ لِشکا نے کہا کہ اتحادی دوستوں کے ساتھ مخالفین جیسارویہ اختیار نہیں کیا جاتا،انہوں نے کہاکہ امریکا کا یہ اقدام پریشان کن، باعث تکلیف اور ناقابل قبول بات ہے،رکن پارلیمنٹ بنڈس ٹاگ نے کہاکہ ارکان کی بہت بڑی تعداد نے امریکی خفیہ ایجنسیوں کے رویے پر ناامیدی اور غصے کا اظہار یکساں شدت سے کیا، چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والے رکن اور وزارت داخلہ میں پارلیمانی امور کے سیکرٹری گْنڑ کرِنگز نے کہاکہ جرمن سرزمین پر ہمارے پارٹنرز پر بھی جرمن قوانین کا بھرپور اطلاق ہو گا، یہ بات مذاکرات کا موضوع نہیں ہو سکتی۔