پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن 22لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کو مفت تعلیم دلائے گی ‘ ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن

جمعہ 17 جنوری 2014 15:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے غربت اور ضروری وسائل سے محروم آؤٹ آف سکول اور ڈراپ آؤٹ بچو ں کی مفت تعلیم کے جامع منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے ، اس منصوبے کے تحت 22لاکھ بچوں کو 2019تک پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں میٹرک تک تعلیم کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ آؤٹ آف سکول اور ڈراپ آؤٹ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کی غرض سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر دفتر میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔

مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انیلہ سلمان نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز ، ڈائریکٹرز اور پروگرام ہیڈز نے شرکت کی ۔ ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤ نڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے ہدایت کی کہ پارٹنر سکولوں اور دیگر متعلقین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مرکزی شکایت سیل قائم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں سے فائدہ اٹھانے والے طالب علموں کے سماجی و معاشی پس منظر کی جانچ کے لیے اقدامات بھی کیے جائیں تاکہ مستحق طبقات کومفت تعلیم کی فراہمی میں مزید بہتری آئے ۔

اس موقع پر ڈپٹی ایم ڈی (آپریشن ) تنویر احمد ظفر نے اجلاس کو ’نیو سکول پروگرام ‘ میں توسیع کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ ’نیو سکول پروگرام ‘ میں توسیع کے پانچویں مرحلے میں 125سکولوں سے پارٹنر شپ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان ، پاکپتن اور خانیوال کے اضلاع میں پارٹنر شپ کے خواہشمند نجی سکولوں کے معائنہ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد میں امید وار سکولوں کی انسپکشن جلد شروع کی جا رہی ہے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ’نیو سکول پروگرام ‘سے منسلک مگرکمپیوٹر سے محروم سکولوں کو کمپیوٹر کی خریداری کے لیے 50ہزار روپے بطور آسان قرض دیے جائیں گے ۔ ڈپٹی ایم ڈی عامر افتخار احمد نے اجلاس کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی انتظامی کارکردگی میں بہتری اور شفافیت کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔اس موقع پر اجلاس نے ایجوکیشن وؤچر سکیم اور فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام کے منصوبوں میں پیش رفت کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا ۔

متعلقہ عنوان :