دہشت گرد کارروائیاں افغانستان سے ہو رہی ہیں ، فضل اللہ کنڑ سے کارروائیاں کررہا ہے ایف آئی آر کنڑ کے گورنر کیخلاف درج کرائی جائے،سینیٹر رحمن ملک

جمعہ 17 جنوری 2014 15:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) سینیٹ میں سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ دہشت گرد کارروائیاں افغانستان سے ہو رہی ہیں ، فضل اللہ کنڑ سے کارروائیاں کررہا ہے ایف آئی آر کنڑ کے گورنر کیخلاف درج کرائی جائے۔ دہشت گردی پر ڈی جی آئی ایس آئی اور آئی بی پارلیمان کو ان کیمرہ بریفنگ دیں، وفاقی حکومت بتائے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت دہشت گردی کیخلاف ایک صفحے پر کیوں نہیں۔

جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے مطالبہ کیا کہ ان دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے کون ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی اور آئی بی اس حوالے سے پارلیمان کو ان کیمرہ بریفنگ دیں اور وفاقی حکومت یہ بتائے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت دہشت گردی کے حوالے سے ایک صفحے پر کیوں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چودھری اسلم کو شہید کرنے کے بعد کراچی میں خون کی ہولی بڑھے گی اور آنیوالے وقت میں جو خون کی ہولی کھیلی جانیوالی ہے سینیٹ کو اس پر نظر رکھنی چاہئے۔

اپوزیشن نے حکومت کو طالبان سے مذاکرات کیلئے فراغدلی سے اجازت دی وہی طالبان تھے جو ہمارے دور میں میاں نواز شریف کی گارنٹی مانگتے تھے آج وہ حکومت میں ہیں گارنٹی کی کیا ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ طالبان کا مقصد مذاکرات نہیں تھا صرف قوم کو چکمہ دینا تھا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیں افغانستان سے ہو رہی ہیں تحریک طالبان کے سربراہ فضل اللہ کنڑ سے کارروائیاں کررہا ہے ایف آئی آر کنڑ کے گورنر کیخلاف درج کرائی جائے۔