امریکہ کی قومی سلامتی ایجنسی دنیا بھر سے ایک دن میں 20 کروڑ ٹیکسٹ پیغامات جمع کرتی تھی ،رپورٹ

جمعہ 17 جنوری 2014 13:27

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء)امریکہ کی قومی سلامتی ایجنسی دنیا بھر سے ایک دن میں 20 کروڑ ٹیکسٹ پیغامات جمع کرتی تھی۔برطانوی میڈیا کے مطابق این ایس اے ان ایس ایم ایس پیغامات میں سے مقامات، رابطہ کاری کے نیٹ ورکس اور کریڈٹ کارڈ کی معلومات حاصل کرتی رہی۔برطانوی اخبار گاڈرین اور ٹی وی چینل فور کی اس رپورٹ کی بنیاد امریکی خفیہ ادارے کے منحرف اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے افشا کی جانے والی خفیہ دستاویزات ہیں۔

امریکی قومی سلامتی ایجنسی نے غیر ملکی میڈیا کوبتایا کہ پروگرام کے تحت قانوناً ایس ایم ایس کا ڈیٹا جمع کیا گیا۔ایجنسی کے مطابق یہ الزام کہ این ایس اے کا یہ ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ بیلگام اور ایجنسی کا اپنا فیصلہ تھا صحیح نہیں ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ برطانوی نگراں ادارے جی سی ایچ کیو نے برطانوی عوام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے این ایس اے کے ڈیٹا بیس سے رجوع کیا تھا۔

یہ رپورٹ ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب امریکی صدر براک اوباما امریکہ کی الیکٹرونک نگرانی کے پروگراموں میں تبدیلیوں کا اعلان کرنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اکٹھے کیے جانے والے ٹیلیفون ڈیٹا کی نگرانی محدود کرنے کے علاوہ ایک ایسے شخص کو نامزد کیا جائیگا جو انٹیلی جنس کی خفیہ میٹنگز میں عوام کے خیالات کے نمائندگی کریگا اس کے علاوہ بیرون ملک نگرانی پر سخت کنٹرول نافذ کیے جائیں گے جس کی وجہ ان سیاسی اختلافات کو کم کرنا ہے جو عالمی لیڈروں کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کیے جانے کی خبروں کے بعد پیدا ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :