پشاور بم دھماکے کا مقدمہ درج،31 زخمیوں‌ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا

جمعہ 17 جنوری 2014 11:50

پشاور بم دھماکے کا مقدمہ درج،31 زخمیوں‌ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) پشاور کے تبلیغی مرکز میں دھماکے کے بعد مزید دو بم برآمد کر لئے گئے،نوشہرہ تبلیغی مرکز سے ملنے والے بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔پشاور بم دھماکے کا مقدمہ مچنی روڈ تھانے میں درج کر لیا گیا۔ پشاور میں چارسدہ روڈ پر واقعہ تبلیغی مرکز میں ہونے والے بم دھماکے کے باعث شہر کی فضا سوگوار ہے۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ مچنی گیٹ میں درج کر لیا گیا ہے،ایف آئی آر نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کی گئی ہے۔پولیس نے شواہد تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔تبلیغی مرکز میں مشکوک بیگ کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ سے مزید دو بم بھی برآمد کئے گئے ۔ حکام کے مطابق پہلے دھماکے کے بعد جیمرز لگانے کی وجہ سے یہ بم نہ پھٹ سکے۔

(جاری ہے)

نوشہرہ کینٹ کے تبلیغی مرکز سے بھی ایک بم ملا جسے ناکارہ بنا دیا گیا اور ایک مشکوک شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

پشاور تبلیغی مرکز میں دھماکے کے بعد ملنے والے تینوں بموں میں مماثلت بتائی گئی ہے۔تینوں بم گھی کے ڈبوں میں نصب کئے گئے اور اُن کے ساتھ موبائل فون سیٹ بھی ساتھ لگائے گئے تھے۔تمام بم ایک ہی جیسے وزن کے تھے،گذشتہ روز نماز مغرب کے دوران تبلیغی اجتماع میں ہونے والے بم دھماکے میں آٹھ افراد جاں بحق اور انسٹھ زخمی ہو گئے تھے۔لیڈی ریڈنگ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اکتیس افراد کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا،اٹھائیس زخمی زیرعلاج ہیں جن میں دو کی حالت نازک ہے۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق دھماکا خیز مواد پہلے سے نصب کیا گیا تھا جسے ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا۔

متعلقہ عنوان :