پشاورچار سدہ روڈ پر تبلیغی مرکز میں شب جمعہ کے اجتماع پر ہونے والے دھماکے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،قائد عوامی نیشنل پارٹی ،وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر داخلہ بم دھماکہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، اسفندیار ولی خان ، سینیٹر شاہی سید

جمعرات 16 جنوری 2014 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفند یار ولی خان اور سینیٹر شاہی سید نے پشاور میں چارسدہ روڈ پر تبلیغی مرکزمیں شب جمعہ کے اجتماع پر ہونے والے دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پسماندگان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے انہوں نے مذید کہا کہ دعوت و تبلیغ کا مرکز سب کیلئے قابل احترام ہے تبلیغی مرکز میں پیارو محبت کا پیغام دیا جاتا ہے ایسی جگہ دھماکہ ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

معصوم لوگوں پر حملوں نے ثابت کردیا ہے کہ دہشتگردوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں انکے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرنا ہوگی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مصلحت پسندی کو بالائے طاق رکھنا ہوگا ۔دونوں قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں مذید کہا کہ حالات قابو سے باہر ہوتے جارہے ہیں اگر دہشتگردوں کو روکا نہ گیا تو سب کو پچھتانا ہوگا اور ان کے خلاف جامع پالیسی اپنانا ہوگی۔ہم وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر داخلہ اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بم دھماکہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔