Live Updates

عمران خان کی پشاور میں تبلیغی مرکز میں دھماکے کی شدید مذمت، عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والے اسلام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں، فساد برپا کرکے قوم کو تقسیم اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں،چیئرمین تحریک انصاف

جمعرات 16 جنوری 2014 21:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور میں تبلیغی مرکز میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والے اسلام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں اور ملک میں فساد برپا کرکے قوم کو تقسیم اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ معصوم اور نہتے شہریوں کو خون میں نہلانے والے کسی بھی طرح مسلمان ہونے کا دعوی نہیں کر سکتے کیونکہ اسلام محبت و امن کا دین اور نبی مہربانﷺ کی ذات سراپا رحمت تھی۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کل جماعتی کانفرنس کے اعلامیے پر عملدرآمد کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی نظریں حکمرانوں پر لگی ہیں جنہیں متفقہ طور پر امن کے قیام کی ذمہ داری سونپی گئی تاہم ان کا رویہ انتہائی تشویش ناک اور قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کے حل کیلئے وفاقی حکومت کے غافلانہ طرز عمل نے پوری قوم کو گہری تشویش میں مبتلا کیا ہے اور دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی خطرناک لہر میں بے گناہ شہری اپنی جانیں ضائع کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کرنا ہوگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات اٹھانا ہوں گے ۔ تبلیغی مرکز پر دھماکے کو عظیم قومی نقصان قرار دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پوری قوم اس سانحے پر سوگوار ہے اور ہم شہداء کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف نے زخمیوں کو بھرپور طبی امداد کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کو ہدایت دی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات