پاکستان کے تجارتی اہمیت کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ،پاکستان کیلئے بین الاقوامی منڈیوں کے دروازے کھلے ہیں‘ گورنر پنجاب ،میڈیا ریاست کا چوتھا اور مضبوط ستون ہے جو معاشرے کے آئینے کے طور پر کام کرتے ہوئے عوام کے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے ،حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے ،آج ہمارا میڈیا جتنا آزاد اور مضبوط ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی‘ گورنر پنجاب

جمعرات 16 جنوری 2014 20:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہاہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا اور مضبوط ستون ہے جو معاشرے کے آئینے کے طور پر کام کرتے ہوئے نہ صرف عوام کے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ ان مسائل کے حل اور معاشرے کی اصلاح میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے،حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور آج ہمارا میڈیا جتنا آزاد اور مضبوط ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پنجاب یونیورسٹی کے ادارہ علوم ابلاغیات میں مولانا ظفر علی خاں کے 141ویں یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ تقریب میں روزنامہ نوائے وقت اور نیشن کے ایڈیٹر انچیف ڈاکٹر مجید نظامی ، پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران ، معروف دانشور مجیب الرحمان شامی ، سجاد میر اور دیگر نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ مولانا ظفر علی خاں محض صحافی ہی نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں جذبہ حریت بیدار کیا جس کے نتیجے میں مسلمانو ں کو علیحدہ مملکت نصیب ہوئی ۔ انہو ں نے کہاکہ مولانا نے اپنے اخبا ر زمیندار کے ذریعے حصول آزادی ، مسلمانو ں کی بہتری اور اتحادعالم اسلام کے مشن کو آگے بڑھایا اور ہمیں آج اُسی جذبے اور مشن پر عمل کرتے ہوئے اقوام عالم میں اسلام اور پاکستان کی سربلندی کے لیے کام کرنا ہو گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مولانا ظفر علی خاں کی طرف سے صحافت کے شعبے میں قائم کی جانے والی درخشاں روایات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں جن کے ذریعے اقوام عالم میں ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں - انہوں نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان نے جس بے باک صحافت کی شمع روشن کی اسے ڈاکٹر مجید نظامی اور مجیب الرحمان شامی جیسے قلمکاروں نے روشن کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے یورپ میں پہلے بھی عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے آواز بلند کی اور اب بھی اس کی رہائی سمیت لاپتہ افراد کی بحالی کے لیے کوششیں کرتے رہیں گے-انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جن حکمرانوں نے اپنے اقتدار کو غیر ضروری طول دیاوہ قصہ پارینہ بن گئے۔انہوں نے کہا کہ وہ اقتدار کو عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور جب تک اللہ تعالی نے انہیں موقع دیا وہ ملک و قوم کی بہتری کے لیے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

انہو ں نے مولانا ظفر علی ٹرسٹ کی طرف سے زمیندار اخبار کے اداریوں کو جمع کرنے اور مولانا ظفر علی خاں پر دستاویزی فلم تیار کرنے کے منصوبے کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی ڈاکٹر مجید نظامی نے کہا کہ یوں تو سرزمین پاکستان سے علم و اد ب کے کئی بیش بہا موتیوں نے جنم لیا مگر اقبال اور ظفر وہ نایاب ہیرے ہیں جس کی چمک و دھمک علم و ادب کے افق پر رہتی دنیا تک رہے گی۔

معروف دانشور مجیب الرحمان شامی ، سجادمیر، مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ کے چیئرمین خالد محمود، راجہ اسد علی خان اور دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا اور مولانا ظفر علی خان کی صحافتی خدمات پر روشی ڈالی ۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر صحافت اور ادب میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات میں میڈل اور اسناد تقسیم کیں۔بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں چیئرمین، صرافہ جین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن احمد علی چوہدری نے ملاقات کی اور گورنر پنجاب کو جی ایس پی پلس سٹیس کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کا حصول پاکستان کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے نہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر ہی نہیں بلکہ تین ہزار کے قریب مختلف شعبوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلو موقع ہے کہ پاکستان کے تجارتی اہمیت کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے اور پاکستان کے لئے بین الاقوامی منڈیوں کے دروازے کھلے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ اب یہ پاکستانی صنعتکاروں اور تاجروں پر منحصر ہے کہ وہ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلاشبہ سرمایہ کار دوست پالیسویوں پر عمل پیرا ہے کیونکہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ہی ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر چیئر مین صرافہ ایسوسی ایشن احمد علی چوہدری نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول میں گورنر پنجاب کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس سے عالمی سطح پر ملک و قوم کے وقار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام خوش نصیب ہیں کہ انہیں ایک وژ ن رکھنے والا اور اپنے تجربات اور قابلیت کو ملک و قوم کی بہتری کے لئے استعمال کرنے کا خواہاں ہے۔

متعلقہ عنوان :