پٹ فیڈر کینال صوبے کا انتہائی اہم منصوبہ ہے، بلیک ہول نہیں بننے دیا جائے گا،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 16 جنوری 2014 20:37

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پٹ فیڈر کینال صوبے کا انتہائی اہم منصوبہ ہے اور اسے بلیک ہول بننے نہیں دیا جائے گا، اس عزم کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایک بریفنگ کے دوران کیا، جس میں محکمہ آبپاشی کے حکام نے انہیں محکمہ کی کارکردگی ، مسائل، جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار اور مشکلات سے تفصیلاًآگاہ کیا، وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ پٹ فیڈر کینال میں 35کلومیٹر کے علاقے میں پانی کا رساؤ جاری ہے اور یہ نہایت خستہ حال ہے، انہیں بتایا گیا کہ متعدد منصوبے جو وفاق کے ہیں ان کے لیے مختص فنڈز کے اجراء میں مشکلات کا سامنا ہے، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ اجتماعی مفاد کے حامل ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال سیلاب کے خدشے کے پیش نظر مشینری کی مرمت کے لیے 3کروڑ روپے مہیا کر دئیے گئے تھے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے، انہوں نے حکام پر احساس ذمہ داری اور جذبہ خدمت کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کرپشن کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔