Live Updates

انفراسٹرکچر کو جدیددورکے تقاضوں سے ہم آہنگ کیے بغیر تیز رفتار ترقی ممکن نہیں،پنجاب حکومت انفراسٹرکچر کی بہتری پر اربوں روپے صرف کررہی ہے ‘ شہباز شریف ،صوبائی دارلحکومت میں اربوں روپے کی لاگت سے نیو آزادی چوک اور نیو سرکلر روڈ کے منصوبوں پر کام کا آغا ز ،منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کے بہاوٴ میں بہتری آئے گی،انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام کے دوران وقتی زحمت تاہم عوام کا عارضی دکھ جلد مستقل سکھ میں بدل جائے گا،ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات ملے گی،صوبے کے عوام کو میٹروبس سروس کی صورت میں بہترین اورجدید پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام دیا،ملک میں ٹرانسپورٹ کا نیا کلچر متعارف کروایا،لاہور میں میٹروبس سروس کی کامیابی کے بعدراولپنڈی میں بھی جلدمیٹروبس کے منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 16 جنوری 2014 20:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انفراسٹرکچر کو بہتر اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیے بغیر تیز رفتار ترقی ممکن نہیں ،پنجاب حکومت صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری پر اربو ں روپے خرچ کررہی ہے،گذشتہ5سالہ دور حکومت میں سڑکوں،پلوں،فلائی اوورز،انڈر پاسز کا جال بچھایا گیا اور صوبے بھر میں انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبے برق رفتاری سے نہایت شفاف طریقے سے مکمل کیے گئے،صوبائی دارلحکومت میں نیو آزادی چوک اور نیو سرکلر روڈ کے منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے،ان منصوبوں کو 3ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گااوران پر 5ارب 35کروڑ روپے لاگت آئے گی، پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو میٹروبس سروس کی صورت میں بہترین ،جدید،منظم اورعصر حاضر کی جدیدسہولتوں سے آراستہ پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام دیا ہے جس سے وطن عزیز میں ٹرانسپورٹ کا نیا کلچرمتعارف ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں انفراسٹرکچر اورمیٹروبس سروس کے منصوبے کو توسیع دینے کے حوالے سے ایک اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چےئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمدحسان،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ،ایم ڈی میٹروبس اتھارٹی اورنیسپاک کے افسران کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری ،آرام دہ ،سستی اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔عوام کو ٹریفک جام کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ نیو آزادی چوک کے منصوبے پرتیزی سے کام کیا جارہا ہے ۔

منصوبے کے تحت ایک فلائی اوور اور ایلیویٹڈ گول چکر تعمیر کیا جارہا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے روزانہ 2لاکھ گاڑیوں کو فائدہ پہنچے گا،اسی طرح نیو سرکلر روڈکے منصوبے کے تحت ایک گول چکر اوردو یو ٹرن بھی بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبو ں کی تکمیل سے جہاں ٹریفک کے بہاوٴ میں بہتری آئے گی وہاں سگنل فری کاریڈورمیسر آئے گا۔عوام کا قیمتی وقت بچے گا اورانہیں ٹریفک جام جیسے مسائل سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو منصوبوں پر کام کے دوران کچھ زحمت ضرور اٹھانا پڑے گی تاہم ان کا عارضی دکھ مستقل سکھ میں بدل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس حکومت پنجاب کا ایک شاہکار منصوبہ ہے جس سے شہر لاہور کو ایک نئی شناخت ملی ہے۔میٹروبس سروس کے ذریعے روزانہ 1لاکھ 60ہزار سے زائد لوگ سفر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس نے پبلک ٹرانسپورٹ کے روایتی نظام کو بدل کے رکھ دیا ہے اور اس عظیم فلائی منصوبے سے عام آدمی مستفید ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس کے عمدہ اوراعلی معیار کی بدولت ذاتی سواری رکھنے والی افراد بھی میٹروبس سروس پر سفر کو ترجیح دے رہے ہیں ۔لاہور میں میٹروبس سسٹم کی ریکارڈ کامیابی اورعوام کے اس نظام پر بھر پور اعتماد کی وجہ سے اب راولپنڈی میں بھی میٹروبس سروس کے منصوبے پر کام شروع کیا جارہا ہے۔میٹروبس منصوبے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اورافادیت کے پیش نظر اس کا دائرکار مزید وسیع کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اوریہ عوام کی فلاح اورانہیں سہولتو ں کی فراہمی پر ہی خرچ کیے جانے چاہئیں۔میٹروبس سروس قوم کے وسائل عوام کی فلاح پر خرچ کرنے کی شاندار مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں میٹروبس کے منصوبے پر جلد کام شروع کردیا جائے گااوریہ منصوبہ بھی فن تعمیر ،شفافیت ،اعلی معیار اور برق رفتاری کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ،اسلام آباد میٹروبس سروس جڑواں شہریوں کے باسیوں کو معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہوگا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات