کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی ،سرمایہ کاری مالیت میں30ارب92کروڑ روپے سے زائد کی کمی،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 31.54پوائنٹس کمی سے 26730.24پوائنٹس پر بند ہوا

جمعرات 16 جنوری 2014 20:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو مندی رہی تاہم کے ایس ای 100انڈیکس 26700کی نفسیاتی حد پر مستحکم رہا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں30ارب92کروڑ روپے سے زائد کی کمی،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت13.50فیصد زائد جبکہ57.52فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا اور ایک موقع پر 26630پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ ،توانائی اورآئل سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی اورکے ایس ای 100انڈیکس ایک مرتبہ پھر26700کی نفسیاتی حد عبور کرگیا ۔

(جاری ہے)

تاہم مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 31.54پوائنٹس کمی سے 26730.24پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 412کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 158کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ 237کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 17کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں 30ارب 92کروڑ 11لاکھ315روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 64کھرب 71ارب 8کروڑ23لاکھ 16ہزار 796روپے ہوگئی ۔

جمعرات کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 34کروڑ 80لاکھ 56ہزار 690شیئرز رہیں جو بدھ کے مقابلے میں 4کروڑ14لاکھ 25ہزار680شیئرز زائد ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے یونی لیورفوڈز کے حصص کے سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 454.65روپے اضافے سے 9547.65روپے ،انڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت 48.45روپے اضافے سے 1199.95روپے پر بند ہوئی ۔نمایاں کمی نیسلے پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 210.83روپے کمی سے 5700.00روپے جبکہ آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 64.19روپے کمی سے 1219.72روپے پر بند ہوئی ۔

جمعرات کو جہانگیر صدیقی کی سرگرمیاں 4کروڑ 47لاکھ55ہزار شیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت75 پیسے اضافے سے 11.95روپے جبکہ کے ای ایس سی کی سرگرمیاں 3 کروڑ 79لاکھ 2ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 12پیسے اضافے سے 6.72روپے پر بند ہوئی ۔جمعرات کو کے ایس ای 30انڈیکس 33.26پوائنٹس کمی سے 19578.46پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 10.16پوائنٹس اضافے سے 44482.29جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 95.39پوائنٹس کمی سے 19947.67پوائنٹس پر بند ہوا ۔