Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت مخالفتوں کوخاطر میں لانے والی نہیں،پرویزخٹک،کوئی خوش ہوتا ہے یا خفا ہم اپنے ایجنڈے کوپورا کرکے دم لیں گے، ہمارا مقصد نیک اور اخلاص پر مبنی ہے، صوبے میں کرپشن اور سستی سے پاک اور انصاف پرمبنی فعال نظام کے قیام کاعہد کر رکھا ہے ،مقصد کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،وزیراعلی خیبرپختونخوا کی وفد سے گفتگو

جمعرات 16 جنوری 2014 20:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مخالفتوں کوخاطر میں لانے والی نہیں ،کوئی خوش ہوتا ہے یا خفا ہم اپنے ایجنڈے کوپورا کرکے دم لیں گے کیونکہ ہمارا مقصد نیک اور اخلاص پر مبنی ہے ہم نے صوبے میں کرپشن اور سستی سے پاک اور انصاف پرمبنی فعال نظام کے قیام کاعہد کر رکھا ہے اس مقصد کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے واضح کیا کہ ہم ہار ماننے والوں میں نہیں کرپشن کے خلاف جہادجاری رہے گا صوبے میں احتساب کا ایسا نظام قائم کریں گے جوپورے ملک کیلئے مثال بنے گا انہوں نے اصلاح معاشرہ میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت صحافیوں کودرپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ان کے حل کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبریونین آف جرنلسٹس کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے یونین کے صدر نثار محمود کی زیر قیادت ان سے سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا وفد میں یونین کے جنرل سیکرٹری طارق آفاق،سینئر نائب صدر محمد نعیم، نائب صدر فرمان اللہ جان اور جائنٹ سیکرٹری آفتاب احمد بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن طارق جمیل،ڈائریکٹر انفارمیشن بحرہ مند خان، ارکان صوبائی اسمبلی عارف یوسف اور فضل الہٰی بھی موجود تھے وفد نے وزیراعلیٰ کو صوبائی دارلحکومت کے صحافیوں کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیاوزیراعلیٰ نے مسائل کے مناسب ازالے کا یقین دلایا انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے تبدیلی کے نعرے پر انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے صوبے میں تبدیلی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور بہت جلد خیبر پختونخوا ملک کے دیگر صوبوں کیلئے ایک مثال بن کر ابھرے گاانہوں نے کہاکہ تبدیلی کیلئے وقت درکار ہے فرسودہ اور استحصالی نظام کا خاتمہ دنوں میں ممکن نہیں اس کیلئے انتھک محنت، کوششوں اور قربانی کی ضرورت ہے حکومت نے ابتدائی تین چار ماہ کے دوران صحیح سمت کا تعین کرلیا ہے اور بہت جلد صوبے کے عوام حقیقی تبدیلی کے ثمرات سے مستفید ہوجائیں گے وزیراعلیٰ نے سابقہ اے این پی اور پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ گذشتہ حکومت کاواحد مقصد کرپشن کا فروغ اور عوام کا استحصال تھا اگر اس دور میں صوبے کے وسائل ذاتی مقاصد کیلئے بے دردی سے نہ لوٹے جاتے تو خیبرپختونخوا کے عوام اتنے زیادہ پیچیدہ مسائل سے دوچار نہ ہوتے پرویز خٹک نے قومی احتساب بیورو کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی ناقص کارکردگی کی بدولت خطیررقوم لوٹنے والے آج آزاد پھر رہے ہیں صوبے میں کرپٹ افراد کا صحیح معنوں میں محاسبہ کیلئے باقاعدہ قانون سازی کے تحت احتساب کمیشن کا ایسا شفاف نظام وضع کیا جارہا ہے جو وزیراعلیٰ سمیت کسی بھی بااثر شخصیت کا بے لاگ احتساب کرسکے گاوزیراعلیٰ نے اس امر کا بھی انکشاف کیا کہ ان کے پاس کرپشن کے سینکڑوں کیس ثبوت کے ساتھ پڑے ہیں احتساب کمیشن وجود میں آتے ہی تمام کرپٹ عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا انہوں نے کہاکہ پولیس اور پٹواریوں کا قبلہ بھی درست کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی بدولت آج تھانہ اورپٹوار کلچر میں نمایاں تبدیلی آرہی ہے صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ کے خاتمے اور ڈرون حملوں کی بندش تک حقیقی معنوں میں امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا تحریک انصاف نے ڈرون حملوں کے خلاف صوبائی اسمبلی سے متفقہ قرار داد منظور کرائی جس میں صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں نے ان کا ساتھ دیا مگرجب نیٹو سپلائی معطل کرنے کی نوبت آئی تو تمام سیاسی جماعتوں نے تحریک انصاف کواکیلا چھوڑ دیاوزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے پاس ڈرون گرانے کا کوئی اختیار اور انتظام نہیں اس نے نیٹو سپلائی روک کر امریکہ کو منہ توڑ جواب دیا انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت بھی اپنا انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے ڈرون حملے روکنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے کیونکہ ہم نے عوام کے مفاد کی بات کرنی اور منوانی ہے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماضی میں ترقیاتی کاموں کیلئے مختص فنڈز کا خطیر حصہ کمیشن مافیا کی نذر ہوجاتا تھا تحریک انصاف کی حکومت نے شفاف نظام مرتب کرکے ترقیا تی منصوبوں میں کمیشن کا باب ہمیشہ کیلئے بند کردیا ہے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اب پورے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھ جائے گا اور اس ضمن میں کسی علاقے سے کوئی امتیازی سلوک نہیں برتا جائے گاانہوں نے میڈیا پربھی زوردیا کہ وہ حکومت کی غلطیوں کی ضرور نشاندہی کرے مگر اس کے مثبت اقدامات کو بھی اجاگر کرے وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل ترجیجی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے انہوں نے محکمہ اطلاعات کو بھی ہدایت کی کہ وہ صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی تجاویز انہیں ارسال کرے اس موقع پر صحافیوں نے پی ٹی آئی حکومت کے جراتمندانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے سرکاری مشینری میں کرپشن اور بے عملی کے خاتمے کی کوششوں اور صوبائی حکومت کے اصلاحی و انقلابی بالخصوص صوبے کے حقوق سے متعلق پالیسی و قدامات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات