کوئٹہ ، گیس اور بجلی کی بندش کیخلاف جے یو آئی نظریاتی اور علاقائی اتحاد کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ ،علاقے کے سینکڑوں افراد کی شرکت ، سوئی گیس کمپنی اور کیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی

جمعرات 16 جنوری 2014 20:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس اور بجلی کی بندش کے خلاف جمعیت علماء اسلام نظریاتی اور علاقائی اتحاد کے زیر اہتمام جمعرات کے روز گوالمنڈی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے گوالمنڈی چوک پر دھرنا دیکر ٹریفک معطل کردی مظاہرے میں علاقے کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی جنہوں نے سوئی گیس کمپنی اور کیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی مظاہرین نے کہاکہ گذشتہ20دنوں سے گیس اور 10دن سے شہر میں بجلی بند ہے لیکن دونوں محکمے ٹس سے مس نہیں ہورہے جبکہ حکومت بھی اس سلسلے میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام بہت زیادہ پریشا ن ہے کیونکہ شدید سردی میں ان کی گیس اور بجلی بند ہے بچے بیمار ہورہے ہیں اور گھروں میں کھانا بھی میسر نہیں حکومت نے اگر اس جانب فوری توجہ نہ دی تو احتجاج کا داائرے پورے کوئٹہ میں پھیلادیں گے اور گورنر وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت کے علاوہ سوئی گیس انتظامیہ اور کیسکو پر عائد ہوگی جو خواب خرگوش میں مبتلا ہے ۔