Live Updates

تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کو 55روز مکمل ہو گئے،شرکاء کا ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ،امریکہ کی نام نہاد دہشتگردی کیخلاف جنگ کی وجہ سے لاکھوں قبائلی عوام دربدر ہوئے ،ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت پر حملے کے مترادف ہیں،رہنماؤں کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب

جمعرات 16 جنوری 2014 20:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کو 55روز پورے ہو گئے ۔جمعرات کو تحریک انصاف پی کے دس کے کارکنان نے ارشد ایڈوکیٹ ،کیمپ انچارج یونس ظہیر مہمند اور بابائے دھرنا فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا دیا۔اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی موجود تھے ۔شرکاء نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکہ کی نام نہاد دہشتگردی کیخلاف جنگ کی وجہ سے لاکھوں قبائلی عوام دربدر ہوئے ،ہزاروں شہید اور ہزاروں ہمیشہ کیلئے معذور ہو گئے ۔ڈرون حملوں میں ہزاروں بیگناہ شہری،بچے اور خواتین مارے گئے پھر بھی حکمران ڈرون حملوں کیخلاف واضح موقف نہیں اپناتے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت پر حملے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں امریکی امداد نہیں چاہئے بلکہ باغیرت زندگی چاہئے۔عمائدین نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اپنے آپ کو شیر سمجھتے ہیں لیکن امریکہ کے سامنے ان کا کردار بھیگی بلی جیسا ہوتا ہے ۔اگر وہ اپنے آپ کو شیر ثابت کرنا چاہتے ہیں تو ڈرون حملے بند کروائیں،ڈرون حملے قراردادوں سے نہیں حقیقی احتجاج اور دو ٹوک موقف سے بند ہونگے۔اگر حکمران واقعی شیر ہیں تو امریکہ کو وارننگ دیں اور اگراس کے بعد ڈرون پاکستان کی حدود میں آئیں تو انہیں مار گرایا جائے ورنہ لوگ یہی سمجھیں گے کہ حکمران شیر کی کھال میں گیدڑ ہیں۔قبائلی عمائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈرون حملوں کیخلاف دھرنا حملے بند ہونے تک جاری رہیگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات