پاکستان نہیں چاہتا کہ لائن آف کنٹرول پر صورتحال خراب ہو، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 16 جنوری 2014 15:49

پاکستان نہیں چاہتا کہ لائن آف کنٹرول پر صورتحال خراب ہو، ترجمان دفتر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر امن کا خواہاں ہے اور گزشتہ ماہ پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کی ملاقات کا مقصد بھی یہی تھا۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پر پاکستان کا یہ اصولی موقف ہے کہ منصوبہ دونوں ممالک کاباہمی معاملہ ہے اور یہ منصوبہ ملک کے مفاد میں ہے اس لئے اس پر کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 1975 سے القدس کمیٹی کا فعال رکن ہے اور اس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز مراکش جائیں گے۔ تسنیم اسلام کا کہنا تھا کہ اسلام آباد افغانستان کے داخلی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت نہ کرنے کے اصول پر کاربند ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان اور امریکا کے تعلقات دونوں ممالک کا باہمی معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے تاہم اس بات کا بھی خواہاں ہے کہ لائن آف کنٹرول پر صورت حال بہتر رہے اور اسی سلسلے میں دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کی ملاقات بھی ہوئی تھی۔بھارتی آرمی چیف بکرم سنگھ کی جانب سے جاری حالیہ بیان مایوس کن اور اشتعال انگیز ہے۔ اس طرح کے بیانات دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں۔