آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دور ان شدید گرمی نے کھلاڑیوں کے چھکے چھڑا دیئے

جمعرات 16 جنوری 2014 13:13

میلبورن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دور ان شدید گرمی نے کھلاڑیوں کے چھکے چھڑا دیئے ، میچ کے دور ان کینیڈین کھلاڑی بے ہوش ہوگئے ، چینی پلیئرز کو الٹیوں نے بے بس کر دیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گرمی کا توڑ کرنے کیلئے خصوصی آئس جیکٹس اور ٹھنڈے پانی کے فواروں کا انتظام ناکافی ثابت ہورہا ہے جس کے باعث نو کھلاڑی یا تو ریٹائرڈ ہرٹ ہوچکے ہیں یا دستبردار ہوگئے ہیں تاہم ٹورنامنٹ کے چیف میڈیکل آفیسر ٹم ووڈز نے بتایا کہ گرمی بلاشبہ زیادہ ہے اور چند کھلاڑی اس سے متاثر بھی ہوئے ہیں تاہم ان میں کوئی بھی سنگین پریشانی میں مبتلا نہیں ہوا اور انہوں نے میچ مکمل کیا۔

فرینک ڈانکے وِچ کا کہنا ہے کہ لگتا ہے جب تک کوئی کھلاڑی مرنہیں جاتا یہ لوگ ٹورنامنٹ کو ایسے ہی جاری رکھیں گے،اس قسم کے موسم میں کھلاڑیوں کو کھیلنے دینا ’غیرانسانی‘ ہے۔

(جاری ہے)

طبی امداد لینے کے بعد 29 سالہ ڈانکیوچ کا کہنا تھا کہ میں نے ساری زندگی پانچ سیٹ کے میچ کھیلے ہیں تاہم یہاں ڈیڑھ سیٹ کے بعد ہی گرمی کی وجہ سے بیہوش ہونا معمول کی بات نہیں۔ برطانوی ٹینس کھلاڑی اینڈی مرے نے کہا کہ اتنے گرم موسم کو تین چار گھنٹے برداشت کرنا مشکل ہے۔ خواتین میں دفاعی چیمپین وکٹوریہ آزارینکا نے گرم موسم میں کھیلنے کو ’توے پر ناچنے‘ کے مترادف قرار دیا ہے۔ گرمی کی وجہ سے ہی کورٹ پر موجود گیند اٹھانے والے لڑکے اور لڑکیوں کی شفٹ بھی ایک گھنٹے سے کم کر کے 45 منٹ کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :