کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بننے کا تسلسل، سرمایہ کاری مالیت میں38ارب 28کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 171.09پوائنٹس اضافے سے 26761.78پوائنٹس پر بند ہوا

بدھ 15 جنوری 2014 22:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بننے کا تسلسل جاری ،بدھ کوبھی کراچی اسٹاک مارکیٹ بلندی کی جانب گامزن رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس171پوائنٹس اضافے سے 26700کی تاریخی نفسیاتی حد بھی عبور کرگئی ۔جبکہ مجموعی سرمایہ کاری مالیت بھی 65کھرب روپے سے تجاوز کرگئی ۔ سرمایہ کاری مالیت میں38ارب 28کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت58.69فیصد زائد جبکہ 60.52فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ،آئل ،سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغا مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 26876پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تاہم فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا ۔

تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔ماہرین اسٹاک کے مطابق حکومت کی جانب سے خسارہ میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کے اعلان کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد کے توقعات کے باعث پیر کو مقامی سرمایہ کار گروپ مارکیٹ میں سرگرم رہے اور بیشتر حصص میں خریداری کے باعث مارکیٹ کا مورال بلند رہا ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 171.09پوائنٹس اضافے سے 26761.78پوائنٹس پر بند ہوا ۔

مجموعی طور پر 418کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 253کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ 147کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 18کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں 38ارب 28کروڑ 67لاکھ 44ہزار 878روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 65کھرب 2ارب 34لاکھ 17ہزار 111روپے ہوگئی ۔بدھ کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 30کروڑ 66لاکھ 31ہزار 10شیئرز رہیں جو پیر کے مقابلے میں 11کروڑ34لاکھ 8ہزار670شیئرز زائد ہیں ۔

قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے یونی لیورفوڈز کے حصص کے سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 433.00روپے اضافے سے 9093.00روپے ،رفحان میظ کے حصص کی قیمت 330.00روپے اضافے سے 7940.00روپے پر بند ہوئی ۔نمایاں کمی انڈس ڈائنگ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 60.30روپے کمی سے 1151.50روپے جبکہ پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت 24.89روپے کمی سے 774.19روپے پر بند ہوئی ۔

بدھ کو جہانگیر صدیقی کی سرگرمیاں 3کروڑ 6لاکھ73ہزار شیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 1روپے اضافے سے 10.89روپے جبکہ اذگارڈنائن کی سرگرمیاں 2 کروڑ 15لاکھ 93ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 68پیسے اضافے سے 9.30روپے پر بند ہوئی ۔بدھ کو کے ایس ای 30انڈیکس 89.75پوائنٹس اضافے سے 19611.72پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 133.32پوائنٹس اضافے سے 44472.13جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 118.02پوائنٹس اضافے سے 20043.06پوائنٹس پر بند ہوا ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی اقتصادی پالیسیوں کے باعث رواں ہفتے بھی مارکیٹ میں تیزی دیکھی جاسکتی ہے ۔